محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی مختلف پنچایتوں میں رہائش پذیر گوجر بکروال طبقہ کو روٹ پر مٹ جاری نہ ہونے کی وجہ سے ان غریبوں کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں ۔انتظامیہ کیخلاف شدید غم و غصہ کااظہارکرتے ہوئے ان خانہ بدوشوں نے کہاکہ ڈھوکوں میں جانے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک ان کو پرمٹ ہی جاری نہیں کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ان کے پاس اب مال مویشیوں کیلئے چارہ و دیگر سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی لاپرواہی سے پریشان ہو کر وہ اب سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مقامی حکام کی جانب سے ان کو بغیر کسی وجہ سے پریشان کیاجارہا ہے جبکہ مذکورہ خانہ بدوشوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کے پرمٹ جلدازجلد جاری کئے جائیں تاکہ وہ اپنے مال مویشیوں کے ہمراہ ڈھوکوں کی جانب ہجرت کرسکیں ۔