پردیش کانگریس صدر کا سہ روزہ دہلی دورہ

 سرینگر//ریاست جموں وکشمیر میں اسمبلی تحلیل کئے جانے کے بعد پیدا شدہ سیاسی صورتحال کے بیچ ریاستی کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے سہ روزہ دہلی دورے کے دوران پارٹی لیڈرشپ کے ساتھ سلسلہ وار ملاقاتیں کیں ۔ان ملاقاتوں کے دوران جموں وکشمیر میں موجودہ سیاسی وحفاظتی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پارٹی ترجمان کے مطابق پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے تین روزہ دورے کے دوران دہلی میں پارٹی لیڈرشپ کے ساتھ سلسلہ وار ملاقاتیں کیں ۔ ان میٹنگوں کے دوران غلام احمد میر نے پارٹی لیڈر شپ کو ریاست جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ ترجمان کے مطابق غلام احمد میر نے ایک میٹنگ کے دوران پارٹی صدر راہل گاندھی کو جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اورکئی دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ دونوں لیڈران (راہل گاندھی اور غلام احمد میر) کے درمیان تنظیمی امور اور سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ میٹنگ کے دوران تینوں خطوں میں پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک لائحہ عمل ترتیب دیا گیا  ۔دورے کے دوران غلام احمد میر نے پارٹی کی قومی جنرل سیکریٹری امبیکا سونی اور راجیہ سبھا کے اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد کے ساتھ بھی علیحدہ علیحدہ دوبدو ملاقاتیں کیں ۔