نئی دہلی//پردھان منتری جان دھن یوجنا کے تحت ملک میں 40 کروڑ 35 لاکھ بینک کھاتے کھولے جاچکے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو اس اسکیم کے چھ سال مکمل ہونے پر کہا کہ اس اہم اسکیم کی شروعات، جن لوگوں کے بینک کھاتے نہیں ہیں، انہیں یہ سہولت مہیا کرانے کے مقصد سے کی گئی تھی۔ حکومت کا یہ اقدام غربت کے خاتمے کی بہت سی خدمات کی بنیاد رکھنے میں ایک ‘‘گیم چینجر’’ ثابت ہوا اور لاکھوں افراد اس سے مستفید ہوئے ۔مسٹر مودی نے گرافکس کے ذریعے اسکیم کے اعداد و شمار جاری کیے ۔ ان کے مطابق اسکیم کے پہلے سال میں 17.90 کروڑ کھاتے کھولے گئے اور دوسرے برس یہ تعداد بڑھ کر 25.10 کروڑ ہوگئی۔ تیسرے برس تیس کروڑ کو عبور کرے 30.09 اور چوتھے برس اس سکیم کے تحت 32.54 کروڑ اکاؤنٹ کھولے گئے ۔ پانچویں سال کی تعداد 36.79 تھی اور چھ سال مکمل ہونے پر یہ 40 کروڑ سے تجاوز کرکے 40.35 کروڑ ہوگئی۔