بانہال//نیشنل کانفرنس ضلع رام بن نے پرانے ضلع ڈوڈہ کو پہاڑی درجہ دینے کی مانگ کی ہے۔پارٹی کے لیڈران نے کہا کہ اس خطے کے لوگ دور افتادہ علاقوں میں بستے ہیں جو پہاڑی درجہ کے مستحق ہیں۔کمیونٹی ہال میں یک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے این سی لیڈران نے کہا’’ان علاقوں کے مکین جن میں اکثریت مقامی بولی بولتی ہے جس میں پوگلی، سراجی ، بھدرواہی وکشتواڑی بولیاں شامل ہیں، کو پہاڑی زبانوں کے دائرہ کار میں لایا جائے اور انہیں ریزرویشن کے فوائد فراہم کئے جائیں‘‘۔ضلع صدر سجاد شاہین نے متعدد سیاسی کارکنوں سمیت مختلف پارٹیوں کے 2 منتخب پنچوں بشمول بانہال کے علاقے پوگل پرستان کے نوجوانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے نوجوانوں کو تبدیلی کا حصہ بننے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جموں وکشمیر ایک مشکل دور سے گزر رہاہے جہاں ایک طرف نوجوانوں کو پشت بہ دیوار لگایاجارہاہے وہیں دوسری طرف لوگوں کی سیاسی ، معاشرتی اور معاشی ترقی کاکوئی منصوبہ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو درپیش مسائل حل نہیں کئے جارہے ہیں۔شاہین نے سڑکوں کی خستہ حالت ، غیر یقینی بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی ، راشن کی قلت اور اشیائے ضروریہ کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ بیشتر علاقے اندھیرے میں ہیں اور پینے کے پانی کی سہولیات سے محروم ہیں۔