تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کی پنچایت درہ برہون میں ڈسپنسری یا پرائمری ہیلتھ سینٹر کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہاں کی عوام دور حاضرہ میں بھی طبی سہولیات سے محروم ہے۔ مکینوں کے مطابق کئی ہزار کی آبادی پر مشتمل گاؤں درہ ، برہون ، نیلی اور بھٹیلی کی عوام کو مجموعی طور پر طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث عوام پریشان حال ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ تمام دیہات کا مرکز درہ ہے کیونکہ پیر پنچال کی اکثر ڈھوکوں میں جانے کیلئے گوجر اور بکروال طبقہ کے ساتھ ساتھ عام راہگیر اور مال مویشیوں والے مسافر بھی اسی راستے سے ہو کر گزرتے ہیں لیکن اس پنچایت میں ڈسپنسری کی عدم دستیابی ان لوگوںکیلئے ایک بڑا مسئلہ ہے۔ عوام کا کہناہے کہ ہمیں اس دور میں بھی بیمار شخص یا حاملہ خاتون کو پی ایچ سی اسپتال تھنہ منڈی لے جانا پڑتا ہے۔ جب تک زیادہ علیل شخص کی جان جانے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ اس ضمن میں مکینوں نے کشمیر عظمیٰ کی وساطت سے گورنر انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ عوامی خواہشات کے مطابق اس پنچایت میں ایک ڈسپنسری یا پرائمری ہیلتھ سینٹر قائم کیا جائے تاکہ عوام کو مزید پریشانیوں سے دوچار نہ ہونا پڑے۔