پتراڑہ تا گھمبیر مغلاں سڑک کی حالت خستہ

 
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے گھمبیر مغلاں علا قہ میں جانے والے رابطہ سڑک کی حالت خستہ ہو چکی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو دوران سفر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔پتراڑہ سے گھمبیر مغلاں 9کلو میٹر سڑک پر روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں مسافر سفر کرتے ہیں جبکہ مذکورہ سڑک اس پسماندہ علا قہ کو تحصیل اور ضلع ہیڈ کوارٹرکیساتھ ملانے کیلئے واحد راستے کے طور پر بھی کام کرتی ہے لیکن مذکورہ سڑک کی خستہ حالی کیساتھ ساتھ نالیوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے بارشوں کا پانی زمینوں میں داخل ہو نے کی وجہ سے لوگوں کو شدید نقصان کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ س سڑک کی حالت بہتر بنانے کیلئے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے ان کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ انہوں نے کئی بار ضلع انتظامیہ سے رجوع بھی کیا ہے لیکن ہر بار ان کو یقین دہانی کروا ئی جاتی ہے کہ جلد از جلد سڑک کی حالت بہتر بنائی جائے گی لیکن ابھی تک عملی طور پر کچھ بھی نہیں کیا گیا ہے ۔گھمبیر مغلاں کے مقامی لوگوں نے کہاکہ انتخابی دنوں میں ہر ایک سیاسی پارٹی کے لیڈران کی جانب سے عوام کیساتھ فلاح و بہبود کیلئے وعدے کئے جاتے ہیں تاہم انتخابات کے بعد عوامی مسائل کی جانب اس سے قبل کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ راجوری اور ریاستی گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پتراڑہ سے گھمبیر مغلاں علا قہ کو جانے والی رابطہ سڑک کی حالت بہتر بنائی جائے تاکہ عوام کو سہولیات میسر ہوسکیں ۔