فیاض بخاری
بارہمولہ//وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر میں “ہزاروں زخم دیکر ہندوستان کا خون بہانے” کے اپنے نقطہ نظر کے ذریعے مسلسل امن خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن خبردار کیا کہ اگر قوم کی یکجہتی اور سالمیت کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا”ہمارے پڑوسی نے ہمیشہ بھارت مخالف سرگرمیوں کا سہارا لیا ہے، ریاست نے ماضی میں بھی دہشت گردی کی کارروائیوں کا مشاہدہ کیا ہے‘‘۔ سنگھ نے بارہمولہ ضلع میں سیکورٹی فورسز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ہزار زخم دیکر ہندوستان کا خون بہانے کی مسلسل کوشش کرتا آیا ہے۔وزیر دفاع مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دو روزہ دورے پر یہاں پہنچے ہیں۔ وزیر دفاع نے اپنی آمد کے فوراً بعد، جموں و کشمیر کے آگے والے علاقوں کا دورہ کیا اور “سرحد” کے ساتھ سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔آرمی چیف جنرل منوج پانڈے، جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف، شمالی کمان کے لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی، جی او سی 15 کور لیفٹیننٹ جنرل اے ایس اوجلا اور جی او سی 19 انفنٹری ڈویڑن میجر جنرل اجے چاندپوریا ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے اسے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بتایا۔بعد میں راج ناتھ سنگھ نے مسلح افواج، بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف)، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں سے بات چیت کی۔اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مشکل حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے پر ان کی بہادری اور جوش کو قابل تعریف قرار دیا۔انہوں نے بے مثال حوصلے اور لگن کے ساتھ ملک کی خدمت کرنے اور لوگوں میں، خاص طور پر نوجوانوں میں قومی فخر کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے سیکورٹی اہلکاروں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا “ہمارے پڑوسی نے ہمیشہ بھارت مخالف سرگرمیوں کا سہارا لیا ہے، ریاست نے ماضی میں بھی دہشت گردی کی کارروائیوں کا مشاہدہ کیا ہے، لیکن مسلح افواج، بی ایس ایف، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں کی انتھک کوششوں کی وجہ سے، حال ہی میں ریاست میں (عسکریت پسند) سرگرمیوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے،” ۔انہوں نے مزید کہاکہ ہماری سیکورٹی فورسز ملک کیلئے ایسی حفاظتی ڈھال ہیں کہ جو بھی اسے توڑنے کی کوشش کرتا ہے، اپنا خون بہاتا ہے۔ قوم کو اپنی افواج پر بے پناہ اعتماد ہے جو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک امن پسند ملک ہے جس نے دنیا کو ‘ (پوری دنیا ایک خاندان ہے) کا پیغام دیا ہے۔ ’’ہم نے کبھی کسی ملک کو کسی بھی طرح سے نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی کسی کی ایک انچ زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔‘‘ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر کبھی قوم کے اتحاد اور سالمیت کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی تو مسلح افواج منہ توڑ جواب دیں گی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مسلح افواج مستقبل کے چیلنجز کا پوری طاقت سے مقابلہ کریں گی اور ان کی بہادری اور لگن ملک کے سنہری مستقبل کی تعمیر کرے گی۔