سرینگر//وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے پاکستان پر جنگبندی معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کاالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہم اینٹ کاجواب پتھر سے دے سکتے ہیں مگر ہم صبر سے کام لیتے ہیں ۔سی این آئی کے مطابق نئی دہلی میں ایک تقریب کے بعدذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالات کاجواب دیتے ہوئے مرکزی وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے پاکستان کی طرف سے جنگبندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کرنے پر تشویش کااظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کاخواہاں ہے۔انہوں نے کہا پاکستان ہو یا بنگلہ دیش یا چین ،سبھی ممالک کوبھارت کی خودمختاری کااحساس کرکے ہی بات چیت کیلئے ماحول سازگار بناناہوگا۔انہوں نے مزیدکہا کہ بھارت پاکستان،بنگلہ دیش اوردیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کا نیا دورشروع کرناچاہتا ہے جس میں امن کیلئے کوششیں کی جاسکتی ہیں ۔وزیردفاع نے تاہم خبردار کیا کہ مذاکرات اور تشددایک ساتھ نہیں چل سکتے اورنہ ہی مذاکرات تشددآمیزماحول میں کئے جاسکتے ہیں ۔مرکزی وزیرنے کہا کہ پاکستان کو پہلے سرحدوں پر جاری جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کو روک کر ماحول کو سازگار بناناہوگا،تب جاکر پھر بات چیت ہوسکتی ہے ورنہ بھارت اتنا کمزور نہیں کہ وہ دیکھتا رہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دے سکتے ہیں مگر تب بھی ہم صبر سے کا م لیتے ہیں ۔انہوں نے کہا بھارت ایسے کاموں میں سنجیدہ ہے کہ مسائل کوحل کیا جائے کیونکہ ہم اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ امن مذاکرات کو جاری رکھنے کیلئے تیار ہیں ۔پڑوسی ممالک سے بھی مثبت ردعمل ملنا لازمی ہے ۔بھارت پاکستان کے ساتھ بھی ایک نئے دور کا آغاز چاہتا ہے اور اس کیلئے دونوں ممالک کو نہایت ہی نیک نیتی اور سنجیدگی سے قدم اٹھانے ہونگے ۔مزید ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے پہلے بات چیت کے راستے کو ہی اپنایا جائے تاکہ صورتحال کو بہتر بنایا جاسکے۔