اسلام آباد //الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وزیر اعظم شہباز شریف، سابق وزیر اعظم عمران خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کے پارلیمانی سال 2021 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری دستاویز کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے سال 2020 کی نسبت 2021 کے اثاثوں میں 6 کروڑ سے زائد کا اضافہ ہوا جس کے بعد ان کے کْل اثاثے 14 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد ہوگئے۔ دستاویز کے مطابق عمران خان کا اندرون یا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں، ان کے پاس اپنی کوئی ذاتی گاڑی نہیں ہے۔عمران خان نے اپنی اہلیہ بشری بی بی کے اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع کرائی ہیں۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کے پاس 431 کنال کی پاکپتن میں دو مختلف زمینیں ہیں جبکہ وہ بنی گالا، اسلام آباد میں 3 کنال کے گھر کی مالک ہیں۔دستاویز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے اثاثوں میں سال 2020 کی نسبت 2021 میں 3 لاکھ روپے کی کمی آئی ہے اور وہ 24 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔وزیر اعظم 14 کروڑ روپے سے زائد کے مقروض ہیں، انہوں نے اپنے بیٹے سلیمان شہباز سے 6 کروڑ روپے سے زائد کا قرض لے رکھا ہے۔شہباز شریف کے پاس دو گاڑیاں اور بینک بیلنس 2 کروڑ روپے سے زائد کا ہے، وہ بیرون ملک 13 کروڑ 74 لاکھ روپے کے اثاثوں کے بھی مالک ہیں۔شہباز شریف نے اپنی بیویوں نصرت شہباز اور تہمینہ درانی کے اثاثے بھی ڈکلیئر کیے ہیں جس کے مطابق نصرت شہباز 23 کروڑ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں جبکہ تہمینہ درانی کے اثاثوں کی ملکیت 57 لاکھ 60 ہزار روپے ہے۔ وزیر خارجہ و پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو ایک ارب 60 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں اور ان کے ذمہ 3 لاکھ 34 ہزار واجب الادا ہیں۔