پاکستانی ایف16نہیں گرایا گیا،امریکی عہدیداروں کی تصدیق

نئی دہلی// امریکی فارن پالیسی میگزین نے پاکستانی ایف سولہ طیارے کو مارگرانے کے بھارتی دعوے کو جھٹلاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ مشکوک ہے کیونکہ امریکہ کے محکمہ دفاع کے اہلکاروں نے حال ہی میں پاکستانی ایف سولہ طیاروں کی گنتی کی ہے اور وہ تعداد میں پورے ہیں۔فارن پالیسی میگزین کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان نے امریکی اہلکاروں کو پاکستان آ کر ایف سولہ طیارے گننے کی پیشکش کی تھی جس کے بعد امریکی اہلکاروں نے پاکستان کا دورہ کیا اور یہاں موجود ایئر بیسز پر  ایف سولہ طیارے گنے گئے اور تمام طیارے پاکستان کے پاس موجود ہونے کی تصدیق کی گئی۔امریکی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ایف سولہ طیارے گرانے سے متعلق جھوٹ بول کر بھارت نے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ امریکی اہلکار نے فارن پالیسی میگزین کو بتایا کہ انڈیا اور پاکستان کے حالیہ تنازعے کی وجہ سے کچھ طیارے معائنے کے لیے فوری طور پر دستیاب نہیں تھے اور اسی وجہ سے تمام طیاروں کی گنتی میں امریکی حکام کو چند ہفتے لگے۔امریکی عہدیدار کے مطابق اب گنتی مکمل ہو چکی ہے اور’’تمام طیارے موجود تھے اور ان کا معائنہ کر لیا گیا ہے۔