پانی کی قلت کیخلاف سرینگر۔گلمرگ شاہراہ پرباشندگان مازہامہ کا احتجاجی دھرنا

سرینگر/وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں مازہامہ گائوں کے بیسیوں شہریوں نے سوموار کو سرینگر۔ گلمرگ شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین اپنے علاقے میں پینے کے پانی کی قلت کیخلاف احتجاج کررہے تھے۔

مظاہرین نے الزام عاید کرتے ہوئے کہا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ اُنہیں پینے کا پانی فراہم کرنے میں بر ی طرح ناکام ہوگیا ہے۔

ایک مقامی باشندے، محمد اکبر نے کہا'' حکام کو ہمیں درپیش مشکلات و مصائب کا اندازہ نہیں ہے۔ ہماری خواتین کو پینے کا پانی حاصل کرنے کیلئے لمبی مسافت طے کرنی پڑ تی ہے''۔

مظاہرین نے الزام عاید کیا کہ اُن کے علاقے میں پانی کی قلت کوئی نیا واقع نہیں بلکہ یہ مسئلہ تو برسوں پرانا ہے۔متعلقہ حکام کو کئی بار اس کے بارے میں مطلع کرنے کے باوجود اُن کا مسئلہ حل نہیں کیا جارہا ہے۔

حلیمہ نامی ایک خاتون نے کہا'' ہمیں بے انتہا مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔گذشتہ برس ہی ایک خاتون لمبی مسافت سے اپنے گھر کیلئے پانی لاتے لاتے اپنی جان گنوا بیٹھی۔''