پانپور میں ملی ٹینٹ ساتھی سمیت گرفتار

سید اعجاز+فیاض بخاری
پلوامہ+بارہمولہ // اونتی پورہ میں پولیس و سیکورٹی فورسزنے مل کر ایک ہائبرڈ  ملی ٹینٹ اور اس کے ساتھی کو گرفتار کیا ، جو باہر کے مزدوروں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ اس کے علاوہ پولیس نے بارہمولہ میں کالعدم تنظیم جے آئی کے نام پر چندہ جمع کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ۔ایک مخصوص اطلاع پر، پولیس نے50آر آر اور110بٹالین سی آر پی ایفکے ساتھ مل کر ایک مشتبہ رئیس احمد میر ولد عبدالرشید میر ساکن چندھارا کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے ایک پستول اور گولہ بارود برآمد کیا۔ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران، مشتبہ شخص نے انکشاف کیا کہ اسے ایک پستول بمعہ گولہ بارود اور ایل ای ٹی ملی ٹینٹ حاجی سے پانپور قصبے میں کم از کم دو مزدوروں پر حملہ کرنے اور مارنے کی ہدایات ملی تھیں۔ رئیس کو حملے کے بعد ملی ٹینٹ کے طور پر بھرتی کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔رئیس میر نے اپنے دوست شاکراحمد بٹ ولد عبدالحمید بٹ ساکن آلوچی باغ سانبورہ سے مدد طلب کی تاکہ ٹارگٹ کی نشاندہی کی جا سکے اور اسے کارروائی کو انجام دینے کے لیے موٹرسائیکل فراہم کی جا سکے۔پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم کی بروقت انٹیلی جنس اور فوری کارروائی سے نہ صرف ایک ہائبرڈ دہشت گرد اور اس کے ساتھی کو گرفتار کیا گیا بلکہ دہشت گردی کے واقعے کو بھی روکا گیا اور معصوم شہریوں کی قیمتی جانیں بچائی گئیں۔اس کے مطابق ایف آئی آر نمبر 43/2022 پولیس اسٹیشن پانپور میں درج کیا گیا۔ادھر بارہمولہ میں پولیس نے کالعدم تنظیم جے آئی کے نام پر چندہ اکٹھا کرنے میں ملوث ایک شخص کو بارہمولہ میں گرفتار کیا ہے۔ بارہمولہ پولیس اور 46  آر آرنے ایک شخص کو گرفتار کیا جس کی شناخت محمد امین گنائی ولد علی محمد گنائی ساکن مائیکرو ویو کالونی کانلی باغ بارہمولہ کے نام سے ہوئی ۔ ایک سکوٹی زیر رجسٹریشن نمبر JK05G-7856 سے جماعت اسلامی کی 3 رسیدیں، 1 موبائل فون اور 15900 روپے نقدی برآمد ہوئی جو اس نے کالعدم تنظیم کے نام پر عوام سے اکٹھی کی تھی۔ مزید تفتیش کے دوران کانلی باغ بارہمولہ میں ان کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی جہاں سے 2 جے کے بینک پاس بک، 3 جے کے بینک چیک بک اور جماعت اسلامی کی خالی کتابیں برآمد ہوئیں۔اسی مناسبت سے پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 68/2022 درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔