پانپور میں غیرقانونی کان کنی زوروں پر دریائے جہلم سے ریت اور مٹی نکالنے میں سینکڑوں مزدورمصروف

 محکمہ متحرک، 5گاڑیاں اور مشینری ضبط

مشتاق الاسلام

پلوامہ//پانپور میں دریائے جہلم سے غیر قانونی طور ریت نکالنے کا کام زوروں پر ہے۔سینکڑوں کی تعداد میں غیر ریاستی مزدور مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر متعدد مقامات پر جدید طریقہ کار اپناتے ہوئے جہلم کے کناروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ادھر محکمے نے جمعرات کو تحصیلدار کی موجودگی میں ملوثین کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائی شروع کردی ۔پانپور میں دریائے جہلم سے کئی مقامات پر سینکڑوں کی تعداد غیر ریاستی مزدور مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر جہلم سے غیر قانونی طور ریت نکالنے میں مصروف ہیں۔ دریائے جہلم میں متعدد مقامات جن میں پتل باغ،سامبورہ،بجی باغ وغیرہ شامل ہیں، بیسیوں کشتیوں میں مقامی لوگوں سمیت سینکڑوں غیر ریاستی مزدور جہلم کے کناروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔معدنیات محکمے کی طرف سے جہلم کے کناروں سے مٹی اور ریت نکالنے پر پابندی کے باوجود مفاد پرست عناصر پانپور میں دریائے جہلم کے کنارے ریت اور مٹی نکالنے میں مصروف ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں پر ایک سرگرم مافیا اس غیر قانونی کام کو فروغ دے رہا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ اس سرگرم مافیا نے جموں و کشمیر سے باہر کے غیر ریاستی مزدوروں کو بذریعہ جہاز لاکر انہیں پانپور کے مختلف علاقوں میں رہائش فراہم کی ہوئی ہے۔دریں اثنا ء ضلع افسر معدنیات منصور احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ انہوں نے تحصیلدار پانپور کے ہمراہ جمعرات کو لیترہ بل پانپور میں غیر قانونی طور ریت نکالنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی ۔ان کا کہنا تھا کہ کاروائی کے دوران مرتکب مزدوروں سے استعمال میں لائی جارہی مشینری کو ضبط کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ کاروائی کے دوران جائے وقوع سے غیر قانونی طور کام میں لائے جارہے 5 ٹپر بھی ضبط کرلئے گئے ۔