محمد تسکین+ظفر اقبال
بانہال+اوڑی+سرینگر//ریاسی، ڈوڈہ ،پانپور اوراوڑی میں المناک حادثات کے دوران بات بیٹی سمیت7افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔حادثات میں کم از کم ایک کم عمر بچی سمیت 3کو شدید چوٹیں آئیں۔ ریاسی کا حادثہ صبح قریب 8بجے اس وقت پیش آیا جب بلیرو گاڑی زیرنمبر JK20C- 7280 جموں سے مہور کی طرف جانے کے دوران اپنی منزل سے محض ایک کلو میٹر پہلے زیارت موڑ کے مقام پر حادثے کا شکار ہوکر کئی سو فٹ نیچے گہری کھائی میں جا گری۔حادثے کی وجہ سے گاڑی تباہ ہوئی اور اطلاع ملتے ہی مہور پولیس،مقامی لوگ اور رضاکاروں نے بچائو کارروائی کا آغاز کیا۔بچائو کارروائی میں شامل ٹیم نے تین افراد کی لاشیں نکالین جبکہ 3زخمیوں کو پہلے مہور اور بعد میں ضلع ہسپتال ریاسی منتقل کردیا گیا، تاہم ایک زخمی نے راستے میں دم توڑ دیا۔دو زخمیوں کو جموں ریفر کیا گیا ہے۔پولیس نے مہلوکین کی شناخت40سالہ ٹیچر منظور احمد ولد عبالرشید، انکی 10سالہ بیٹی الفت جان،28سالہ بشیر احمد ولد غلام محمد اور42سالہ غلام محی الدین ولد غلام محمد ساکنان دیول مہور کے طور پر ہوئی ہے۔۔ پولیس نے زخمیوں کی شناخت شبیر احمد ناگ ولد محمد عبداللہ، ساکن دیول،اور 9سالہ ارتکا دختر منظور احمد کے طور پر کی ہے۔اس دلدوز حادثے میں مہور ریاسی کے صحافی زاہد ملک کے بہنوئی ٹیچر منظور احمد اور بھانجی کی ہلاکت اور ایک بھانجی ارتکا شدید زخمی ہوئی ہیں۔دریں اثنا، مقامی لوگوں نے سڑک کے ساتھ ریلنگ کی تنصیب کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کم از کم ریلنگ گاڑی کو گہری کھائیوں میں گرنے سے روکنے میں مدد گار ثابت ہوسکتی ہے۔دریں اثناء ڈوڈہ کے دھار علاقے میں ایک تیز رفتار گاڑی نے کمسن کو کچل ڈالا۔ذرائع نے بتایاکہ ضلع ڈوڈہ کے گڈہل دھار علاقے میں بدھ کی شام ایک افسوسناک سڑک حادثے میں ایک کمسن بچہ جاں بحق ہوگیا۔ گاڑی زیر نمبر JK06B-1517 نے سڑک پر بچے کو ٹکر مار دی جسکے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔اس واقعے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت مقدر احمد ولد جمشید احمد ساکن گڈہل دھار کے طور پر کی گئی ہے۔ادھرزعفران کالونی پانپور میں بالہامہ جارہے ایک تیز رفتار ٹرک زیرنمبرJK05A-9747 نے اسکوٹی زیر نمبرJK01AH-7010 کو ٹکر ماری،جس کے نتیجے میں اسکوٹی سوار کو شدید چوٹیں آئیں۔ زخمی عبدالرشیدڈار ولد عبدالخالق ڈار ساکن اچھ نبل پانتہ چھوک کو پانپورہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔اُدھر بونیار اوڑی میں تیز رفتار ٹپرنے ایک آٹھ سالہ بچی کو کچل کر موت کی نیندسلادیا۔ بنالی بونیار علاقے میں 6 سالہ لڑکی سڑک پر چل رہی تھی جس دوران ٹپر زیر نمبر JK01 AF/ 9866 نے اسے کچل دیا، جس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔متوفی کی شناخت رافیہ مشتاق کسانہ کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ٹپر ڈرائیور کو حراست میں لیا گیا ہے۔