سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کے روزپانتہ چھوک سرینگر میں امرناتھ شرائن بورڈ کے آفس و یاتری نواس کا سنگ بنیاد رکھا۔جدیدسہولیات سے آراستہ اس دفتراور یاتری نواس کی تعمیر18ماہ میں مکمل کی جائیگی۔منوج سنہا نے اس موقعہ پر کہا کہ اس پروجیکٹ کا مقصد سرینگر میں یاتریوں کے آرام دہ قیام کو یقینی بنانا ہے جو پوری دنیا سے سالانہ یاترا کیلئے آتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ دفتراوریاتری نواس یاتریوں کی رہنمائی کیلئے ایک انفارمیشن سینٹر کے طور پر بھی کام کرے گا ، اس کے علاوہ یاترا کے ہموار انعقاد کے لئے اسی طرح کے کئی کام مکمل کئے جائیں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کی حکومت ہرسال آنے والے لاکھوں یاتریوں کو تسلی بخش سہولیات فراہم کرنے کیلئے بنیادی ڈھانچے کوترقی دینے کے ساتھ ساتھ مختلف خدمات شروع کر رہی ہے۔منوج سنہا کاکہناتھاکہ ہم جموں وکشمیر کے مختلف حصوں میں یاتری نواس تعمیر کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں ، اس کے علاوہ ایک مستقل دفتر اور ایک بڑا یاتری نواس جلد ہی جموں میں تعمیرکیاجائیگا تاکہ بڑی تعداد میں آنے والے یاتریوں کو سہولت فراہم ہوسکے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ 3200 یاتریوں کی گنجائش کے ساتھ ایک اور یاتری رہائش گاہ چندر کوٹ ، ضلع رام بن میں تعمیرکی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کہ جدید سہولیات اور سازگار ماحول کے ساتھ ، وہ دن دور نہیں جب امری ناتھ یاتراکیلئے آنے والے یاتری 10 لاکھ کا ہندسہ عبور کر لیں گے جس سے جموں و کشمیر کی معیشت پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔ منوج سنہا نے مزید کہا کہ امرناتھ گھپاتک روپ وے کی معقولیت کی تلاش کے لیے بھی مطالعہ کیا جا رہا ہے۔امرناتھ شرائین بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نتیشور کمار نے اس منصوبے کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امرناتھ یاتریوں کے لئے وقف یاتری رہائش گاہ کے لئے مختلف تنظیموں اور اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے یہ ایک طویل مطالبہ تھا۔سی ای او نے یاتریوں کی سہولت کے لئے کی گئی حالیہ پیش رفت پر مزید روشنی ڈالی۔مہنت دیپندر گری نے اس موقع پر خطاب کیا اور کہا کہ آنے والے یاتری نواس امری ناتھ یاتریوں کے رہنے کے لیے ایک انتہائی ضروری سہولت ہے۔