سرینگر// بادامی باغ چلو کال کے پیش نظر انتظامیہ نے آج سرینگر کے پائین علاقوں میں بندشیں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے،جبکہ سیول لائنز کے2تھانوں میں بھی جزوی بندشیں عائد رہیں گی۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق پائین شہر کے نوہٹہ،رعناواری،مہاراج گنج،صفاکدل ، خانیارکے علاوہ رام منشی باغ بندشیں عائدرہیں گی۔ مائسمہ اور کرالہ کھڈ پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں بھی جزوی طور پر بندشیں عائد رہیں گی۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ پیر کو بادامی باغ چلو کال کے پیش نظر اتھوجن بائی پاس سے لیکر ڈلگیٹ تک شاہراہ پر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ اس شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل مسدود رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ۔ بادامی باغ کنٹونمنٹ کے نواحی علاقوں بٹہ وارہ ،شیوپورہ،سونہ وار ،یتو محلہ،ڈار محلہ،اندرانگر،اقبال کالونی اور پانڈریٹھن میں سیکورٹی کو سخت کیا گیا ہے۔ بٹوارہ سے گزرنے والے دریائے جہلم کے نواح پر بھی نظر گزر رکھی جاری ہے،جبکہ سویہ ٹینگ اور گنڈہ بل علاقوں کو کشتی کے ذریعے بٹوارہ سے ملانے کے پیش نظر پیر کو کشتی کو بھی بند کیا جائے گا۔دریں اثناء اتوار کو پائین شہرکے جن علاقوں میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ ر ہیں، ان میں امن وامان کی برقراری کے لئے سینکڑوں کی تعداد میں ریاستی پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ نالہ مار روڑ کو ایک بار پھر خاردار تاروں سے سیل کردیا گیا تھا۔تاہم عیدگاہ کے راستے شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز کو جانے والے روڑ کو بیماروںو تیمارداروں اور ایمبولینس گاڑیوں کی نقل وحرکت کے لئے کھلا رکھا گیا ہے۔ نوہٹہ میں واقع تاریخی جامع مسجد کے اردگرد سینکڑوں کی تعداد میں سیکورٹی فورس اہلکار تعینات کئے گئے تھے جبکہ اس میں مصلیوں کے داخلے کو روکنے کے لئے اس کا باب الداخلہ مقفل کردیاگیا تھا۔ ادھر سری نگر کے سیول لائنز میں اتوار کو تجارتی اور دیگر سرگرمیاں کلی طور پر متاثر رہیں جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر رہی۔ تاریخی لال چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، گونی کھن، ریذیڈنسی روڑ، مولانا آزاد روڑ، بتہ مالو، اقبال پارک، ڈل گیٹ، ریگل چوک اور بڈشاہ چوک میںتمام دکانیں بند رہیں۔ ریڈیو کشمیر کراسنگ سے جہانگیر چوک تک ہر اتوار کو لگنے والا سنڈے مارکیٹ کلی طور پر بند رہا۔ ایسی ہی صورتحال بالائی شہر کے علاقوںمیں بھی نظر آئی۔