سرینگر// دوبئی میں اتوار کو کھیلے گئے ٹی20، ورلڈ کپ میچ میں پاکستان کی روایتی حریف ہندوستان کیخلاف جیت کا جشن منانے پر پولیس نے سرینگر کے2 میڈیکل کالجوں کے ڈاکٹروں اورایم بی بی ایس میں زیر تعلیم میڈیکل طلبہ کے خلاف انسداد دہشت گردی قانون یو اے پی اے کے تحت 2کیس درج کئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر2 ویڈیوز وائرل ہوئے ہیں۔جن کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ یہ دونوں ویڈیوزسکمز صورہ اور میڈیکل کالج کے دو ہوسٹلوں کی ہیں ، جہاں طلاب نے جشن منایا اور نعرے بازی کی۔سکمزصورہ کے طبی عملے اور وارڈن کیخلاف پولیس اسٹیشن صورہ میں ایف آئی آرزیر نمبر 104/2021 درج کی گئی ہے۔الزام لگایا گیا ہے کہ ایم بی بی ایس اور دیگر ڈگریاں حاصل کرنے والے ڈاکٹروں اورسکمزکے غیر شادی شدہ ہوسٹل میں رہائش پذیر طلباء نے پاکستان کی جیت کے بعد نعرے لگائے اور پٹاخے پھوڑے۔یہ مقدمہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (UAPA) کی دفعہ 13، 105A اور 505آئی پی سی کے تحت درج کیا گیا ہے۔سرینگرپولیس نے ایک اور مقدمہ زیرایف آئی آر نمبر 71/2021 یو اے پی اے کی دفعہ 13 کے تحت پولیس اسٹیشن کرن نگر میں واقع گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر (جی ایم سی ہوسٹل) میں رہنے والے طلباء کے خلاف درج کیا ،جن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے پاکستان کی جیت کے فوراً بعد نعرے لگاتے اور رقص کرتے ہوئے نظر آئے۔ادھر سانبہ ضلع میں ’قابل اعتراض نعرے‘ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد 6، افراد کو حراست میں لیا گیا۔ایس ایس پی سانبہ راجیش شرما نے کہا کہ سانبہ ضلع میں لوگوں کے ایک گروپ کی طرف سے قابل اعتراض نعرے لگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد 6افراد کو حراست میں لیا گیا ۔ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک مخصوص برادری سے تعلق رکھنے والے2درجن سے زائد افراد اتوار کی رات پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھارت کے خلاف جیت کا جشن مناتے ہوئے اور قابل اعتراض نعرے لگا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنرسانبہ انورادھا گپتا نے کہاکہ اس سلسلے میں 6افرادکو حراست میں لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔