بختیار کاظمی
سرنکوٹ // سرنکوٹ کی پنچایت درہ سانگلہ میں ایک ہی جگہ پربرسوں پہلے تعمیر ہوئے دو واٹر ٹینکوں کو تعمیر کرنے کے بعد استعمال ہی نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے اب دونوں ٹینک منہدم ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ برسوں قبل متعلقہ حکام کی جانب سے پانی کے ٹینک تعمیر کروائے گئے تھے لیکن ان کو محکمہ کی جانب سے پانی جمع کرنے کیلئے استعمال ہی نہیں کیاگیا جبکہ اب ٹینک منہدم بھی ہونا شروع ہو گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے 1999اور 2000میں ایک واٹر ٹینک تعمیر کیاگیا تھا تاہم 2013میں ایک مزید ٹینک بھی اسی مقام پر ہی تعمیرکیاگیا لیکن ابھی تک دونوں کو قابل استعمال ہی نہیں بنایا گیا ہے ۔مکینوں نے حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے مذکورہ علاقہ کی وارڈ نمبر 2جبڑی میںپینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ٹینکوں کا معائینہ کرکے لاپرواہ ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ مقامی لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے بھی ہدایت جاری کی جائیں ۔