جموں//حکومت نے پی ایچ ای سب ڈویژن ٹھاٹھری کے افسران کے خلاف مالی بے ضابطگیوں کے بارے میں کی گئی شکایات کی تحقیقات کے لئے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کی طرف سے جاری حکمنامہ 22 GAD(Vig) of 2018مورخہ 11 .05. 2018کے مطابق ایک سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پی ایچ ای سب ڈویژن ٹھاٹھری کے افسران و ملازمین کے خلاف ذمہ داری طے کر ے گی جو جیت سنگھ ولد ارجن سنگھ ساکن باتھن کے حق میں 11000روپے کی دہری ادائیگی کیلئے ذمہ دار پائے جائیں ، قابل ذکر ہے کہ جیت سنگھ کو لوکل باڈیز محکمہ جموںکی ڈویژن نمبر 1 سے پی ایچ ای محکمہ کی دچھن سب ڈویژن میں تبدیل کیا گیا تھا اور اس دوران اسے دونوں دفاتر سے ادائیگی کی جاتی رہی۔تحقیقاتی کمیٹی میں دیویندر سنگھ چاڑک سپرنٹنڈنگ انجینئر ہائیڈرالک سرکل ڈوڈہ، سنتوش کوتوال چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن لوکل باڈیز جموں،اور شوکت احمد زرگر ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای ڈویژن کشتواڑ کو شامل کیا گیا ہے ۔ کمیٹی جیت سنگھ کو سب ڈویژن دچھن اور لوکل باڈیز جموں سے 11ہزار روپے کی دہری ادائیگی کے بارے میں انکوائری کرے گی۔ اس معاملہ میں ملوث پائے جانے والے افسران اور ملازمین کی ذمہ داری کو طے کرے گی ۔ اس کے ساتھ ہی اس کمیٹی کو قصور وار پائے جانے والے افسران و ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائی کے بارے میں اپنی سفارشات پیش کرے گی اور حکومت کو ایسے اقدامات کے بارے میں بھی سفارش کرے گی جو مستقبل میں اس قسم کی مالی بے ضابطگیوں کو روکنے میں سود مند ثابت ہو سکیں ۔ انکوائری کمیٹی اس حکمنامہ کے اجراء کے 30دن اندر اپنی رپورٹ محکمہ پی ایچ ای و آبپاشی محکمہ کو پیش کرے گی۔