اظہر حسین
کولگام//سیاحتی مقام اہرہ بل میں جموں کشمیر ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے سیاحوں کے قیام کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئیں چارہٹیں ویرانی کی حالت میں بندپڑی ہیں اور ان میں سیاحوں کے قیام کے بجائے پاس قائم ایک ریستورنٹ کے ملازم رات کوٹھہرتے ہیں۔ جموں وکشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے محکمہ ٹورازم نے کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہیں جس کی وجہ سے سرکاری اعدادو شمار کے مطابق رواں سال کے جون تک تقریبا1 کروڑ 35 لاکھ سیلانی وارد کشمیر ہوئے اور جس نے برسوں کا ریکارڈ توڑ دیا اور یہ محکمہ کی ایک بڑی کامیابی مانی جاتی ہے۔
وہیں دوسری جانب سیاحتی مقام اہرہ بل جو ضلع کولگام سے تقریباً30 کلومیڑ کی دوری پہ واقع ہے، محکمہ کی نظروں سے اوجھل دکھائی ہے۔جموں کشمیر ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے اہربل میں سیاحوں کے رات کے قیام کے لئے 4 ہٹس تعمیر کی ہیں جس پر کروڑوںروپے صرف کئے گئے تھے اور با ضابطہ طور ان ہٹوں کی دیکھ ریکھ کیلئے کارپوریشن کی جانب سے 24 گھنٹے کے لئے ملازمین بھی تعینات کئے گئے تھے مگر بدقسمتی کی وجہ سے یہاں اس کے برعکس ہو رہا ہیں۔
آج چاروں ہٹ ویرانی کی حالت میں بند پڑی ہیں، جن کی چھتیں ٹوٹنے کی وجہ سے اندر پانی ٹپک جاتا ہے ۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ ان ہٹس کی دیکھ ریکھ کیلئے تعینات ملازمین گھر بیٹھے تنخواہ بٹور رہے ہیںاور مذکورہ ہٹس کے پاس میں چل رہے ریسٹورنٹ میں کام کر رہے ملازمین کے ان ہٹس میں قیام کر رہے ہیں جو کہ کارپوریشن کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔