ٹنگمرگ میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی

ٹنگمرگ//ٹنگمرگ میں طوفانی بارشوں سے بابل کنال اور نالہ پیشوں میں طغیانی آنے کے بعد پانی رہائشی بستیوں میں داخل ہوگیا جبکہ نالہ پیشوں پرکھئی پورہ اور ٹنگمرگ کے درمیان موجودڈائیورشن ڈہ گیا اورعلاقہ کا رابط تحصیل ہیڈ کوارٹر ٹنگمرگ سے منقطع ہوگیا ۔ بدھ کی صبح ٹنگمرگ اور مضافاتی علاقوں میں زوردار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں بابل کنال میں پانی کا بہاو بڑگیا ۔ بابل کنال میں آئی اچانک طغیانی سے پانی  میر محلہ اور لون محلہ اور مہاین رتنی پورہ میں داخل ہوا اور لوگوں میں افراتفری پھیل گئی ۔اس دوران ہری اوٹنو میں پانی مڈل سکول میں داخل ہونے سے وہاں زیر تعلیم طلاب خوفزدہ ہوگئے ۔کھئی پورہ کو ٹنگمرگ سے ملانے والا ڈائیورشن نالہ پیشوں میں طغیانی آنے سے ڈہ گیاجس کے نتیجے میں ایک وسیع علاقہ کا زمینی رابطہ تحصیل ہیڈ کوارٹر سے منقطع ہوگیا ۔اسی طرح نمبلنار بابا ریشی میں نالہ میں طغیانی آنے سے لوگوں میں افراتفری پھیل گئی ۔ ایس ڈی ایم گلمرگ شبیر الحسن نے علاقہ کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیکر بابل کنال کا رخ نالہ فیروزپورہ کی طرف موڑنے کے احکامات جاری کئے اور نالہ پیشوں پر ڈائیورشن کو فوری طور آمدو رفت کے قابل بنانے کی افسران کوہدایت دی۔