ٹنگمرگ میں آگ کی ہولناک واردات | 3رہائشی مکانات ،3گائوخانے، میڈیکل سٹور اور ڈنٹل کلینک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل

ٹنگمرگ //چندی لورہ ٹنگمرگ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں 3 مکانات 3گائوخانے 1، میڈیکل سٹور،ڈنٹل کلنک اور دو منزلہ رہائشی کواٹر راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہوگئے ۔ٹنگمرگ قصبے سے 2 کلو میٹر کی دوری پر واقع چندی لورہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کو غلام رسول حجام کے دو منزلہ مکان میں اچانک آگ ظاہر ہوئی جس نے دیکھے ہی دیکھے دیگر املاک کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ۔مکان میں لگی آگ کو دیکھ کر وہاںلوگوں نے چیخ و پکار اور سٹیاں بجا کر گائوں والوں کو نیند سے بیدار کیا، شور غل سن کر جب لوگ گھروں سے باہر نکل آئے تو انہوں نے مکان میں پھیلی آگ دیکھ کر ٹنگمرگ پولیس اور فائر سروس ٹنگمرگ کو مطلع کیا۔فوری طور ایس ڈی پی او ٹنگمرگ ہلال خالق کی نگرانی میں فائرسروس،پولیس اور مقامی لوگوں کے آپسی تال میل سے آگ بجھانیکی کارروائی شروع ہوئی ،تاہم آگ اس قدر پھیل گئی کہ اس کے شعلے دور دور تک دیکھائی دے رہے تھے، جبکہ رسوئی گیس سلنڈر پھٹنے سے ہر طرف افراتفری پھیل گئی ۔آگ بے قابو دیکھ کر ایس ڈی پی او ٹنگمرگ نے فوری طور فائر سروس کنزر ، ماگام اور پٹن سے رابطہ کر کے فوری طور جائے واردات پر پہنچ جانے کی التجاہ کی کیونکہ جس جگہ آگ لگی تھی وہاں گنجان بستی تھی ۔پولیس اور مقامی رضا کاروں کے آپسی تال میل اور تعاون سے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا جس سے گنجان بستی کے ساتھ نزدیک ہی قائم بازار کو خاکستر ہونے سے بچالیا گیا۔ ابتدائی طور آگ لگنے کی وجہ بجلی شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے ۔آگ سے غلام رسول حجام ، فریدہ بیگم دختر غلام رسول حجام، بشیر احمد گنائی ،عبدل قیوم حجام،  بشیر احمد گنائی اور شبیر احمد وانی کے تین گائو خانے ،معروف میڈیکل سٹور پرنس میڈکیٹ ڈاکٹر جاوید احمد کا ڈنٹل کلنک اور سابق ممبر اسمبلی گلمرگ محمد عباس وانی کی سیکورٹی پر تعینات عملے کا رہائشی کواٹر اور گھریلو سٹور مال واسباب سمیت مکمل طور خاکستر ہو گے ۔اس طرح چندی لورہ میں دوران شب لگی آگ سے کروڑوں کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی ہے ۔سابق وزیر اور اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر سابق ایم ایل اے محمد عباس وانی ،ڈی ڈی سی ٹنگمرگ ایڈوکیٹ میر تجمل اشفاق ، سیول سوسائٹی کے عبدل قیوم وانی نے چندیلورہ میں آگ متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے متاثرین کی بھر پور مالی مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔