ٹنگمرگ ،پلوامہ، ترال اور قاضی گنڈ میں قہر انگیز ژالہ باری

مشتاق الحسن+سید اعجاز
بارہمولہ+پلوامہ // فیروز پورہ ٹنگمرگ اورسیاحتی مقام گلمرگ میں جمعے کے روز طوفانی بارشوں اور تیز ہوائوں کے بیچ شدید ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو نقصان پہنچا ۔ژالہ باری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ چند منٹوں کے اندرہی پورے فیروز پورہ ٹنگمرگ علاقے میں سفید پرت بچھ گئی اور ایسا لگ رہا تھا کہ برفباری ہوئی ہے ۔ جمعہ بعد دوپہر موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی طوفانی آندھی کے بیچ ژالہ باری شروع ہوئی جو پانچ منٹ تک جاری رہی جس وجہ سے فیروز پورہ ٹنگمرگ میں دھان کی فصلوں، میوہ باغات اور سبزی باغوں کو کافی نقصان پہنچا ۔ ژالہ باری سے میوہ جات بشمول سیب، ناشپاتی، خوبانی، اخروٹ وغیرہ کے باغوں کو بھی نقصان پہنچا۔ سیاحتی مقام گلمرگ میں بھی ژالہ باری ہوئی ۔علاوہ ازیں جنوبی ضلع پلوامہ کے نیوہ اور قاضی گنڈ کے اوپری علاقوں میں بھی جمعہ کے روز ژالہ باری ہونے سے لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی۔ادھرترال کے نارستان،بنگہ ڈار ،ستورہ ، حاجن ،درگڑ وغیرہ علاقوں میں جمعہ کے روز2بجے اچانک چند منٹوں تک شدید ژالہ باری ہوئی ، جس نے علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ۔ لوگوں نے بتایا 3سے5انچ تک برف جیسی برت بچھ گئی۔اس دوران سونہ مرگ ،زوجیلا ،گگن گیر، کلن ،گنڈ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بعد دوپہر سے موسلادھار بارشوں کے ساتھ سونہ مرگ تھجواس کے پہاڑوں پر تازہ برفباری سے سردی کی لہر دوڑ گئی۔ پچھلے کئی دنوں سے وادی میں بعد دوپہر موسم اچانک کروٹ لیتا ہے جس کے ساتھ ہی موسلا دھار بارشیں اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ۔سنیچر اور اتوار کو بھی ژالہ باری کا امکان ہے۔معروف ماہر موسمیات فیضان عارف کا کہنا ہے کہ مارچ سے لے کر مئی کے آخر تک ژالہ باری ہونا معمول کا معاملہ ہے ۔انہوں نے بتایاکہ سنیچر اور اتوار کے روز بھی چند علاقوں میں ژالہ باری متوقع ہے ۔ان کا مزید کہنا متھا کہ آنے والے ہفتے یعنی 11سے 14مئی کے درمیان درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوگا اور اس دوران وادی میں کہیں کہیں درجہ حرارت 30 ڈگری کو بھی پار کرسکتا ہے ۔