عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری کی ٹنڈی ترار پنچایت کے مکینوں نے سابق سرپنچ یوگیش شرما کی سربراہی میں محکمہ دیہی ترقی کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں پنج گرائیں کے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر سمیت کچھ عہدیداروں کے فوری تبادلے کا مطالبہ کرتے ہوئے محکمہ پر سیاسی بنیادوں پر جانبداری کا سہارا لینے اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل میں ایک مخصوص سیاسی جماعت کے کارکنوں کوفوائد فراہم کرنے کا الزام لگایا۔یہ احتجاج منکوٹ میں منعقد کیا گیا جس میں اس پنچایت کے مختلف دیہات کے لوگوں نے حصہ لیا اوردیہی ترقی محکمہ حکام کے خلاف نعرے لگائے۔اس علاقے کے سابق سرپنچ یوگیش شرما نے کہا کہ راجوری کے پنج گرائیں بلاک میں سیاسی بنیادوں پر جانبداری کا سہارا لیا جا رہا ہے اور محکمہ دیہی ترقی عوامی مسائل کے ازالے کو یقینی بنانے میں ناکام رہا ہے۔مظاہرین نے کہا’عوام نے محکمہ کے سامنے بار بار کئی مسائل اٹھائے ہیں اور ان مسائل کو اگلے ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ لوگوں کو درپیش مسائل کو کم کیا جاسکے لیکن حیرت کی بات ہے کہ محکمہ نے کھلی گرام سبھا بلانے کی زحمت نہیں کی‘‘۔ مظاہرین نے مزید کہا کہ اس میٹنگ میں مخصوص سیاسی پارٹی سے وابستہ صرف چند لوگوں اور دیگر گاؤں والوں کو بلایا گیا تھا جو کہ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی میں منعقد کی گئی تھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ منصوبہ بندی کے دوران عوامی مطالبات کو نظر انداز کیا گیا اور کمیونٹی کی بنیاد پر نہیں بلکہ انفرادی بنیادوں پر کام شامل کیے گئے۔انکاکہناتھا’’ہم اس معاملے کی مکمل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان منصوبوں میں شامل تمام کاموں کی تصدیق کی جائے اور اس وجہ کا پتہ لگایا جائے کہ عوامی مطالبات کو نظر انداز کیا گیا‘‘۔انہوں نے محکمہ دیہی ترقی کے افسران بشمول بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کے فوری تبادلے کا مطالبہ کیا جو ان منصوبوں کی تشکیل میں ملوث تھے۔مظاہرین نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ اور اسسٹنٹ کمشنر پنچایتوں کے دفتر کا گھیراؤ کرنے کا بھی انتباہ دیا اگر ان کے معاملے پر غور نہ کیا گیا۔