ٹنگمرگ //نگمرگ سے محض پانچ کلو میٹر دوری پر واقع ہردہ مادم کے بجلی صارفین نے تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق محکمہ بجلی کے خلاف انوکھا احتجاج کرتے ہوئے بجلی ٹرانسفارمر کے بیڈ پر جنریٹرنصب کرکے چند گھنٹوں کیلئے گائوں میں بجلی سپلائی بحال کی۔لوگوں نے بتایا کہ ان کے گائوں کا بجلی ٹرانسفارمر بار بار جل جاتا ہے جسے ٹھیک کرنے میں ہفتوں لگ جاتے ہیں اور گاوں ہفتوں گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے ۔ایک مقامی سماجی کارکن ملک گوہر احمد نے بتایا کہ ان کے گائوں میں ایک پروجیکٹ کے تحت 63کے وی ٹرانسفارمر گزشتہ تین سال سے صرف کنکشن نہ دینے سے زنگ آلودہ ہوچکا ہے تاہم آج تک اس ٹرانسفارمر کونہ ہی محکمہ بجلی کو حوالے کیا گیااور نہ کنکشن دینے کے لیے محکمہ بجلی سے رجوع کیا گیا جس کی وجہ سے ہردہ مادم کے لوگ جدید دور میں بھی بجلی سے محروم ہیں۔ ایک اور شہری فیاض احمد کے بقول گائوں میں ایک مریض کو آکسیجن کی ضرورت پڑتی ہے اور کنسٹریٹر چلانے کیلئے بجلی درکار ہوتی ہے تاہم بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں مذکورہ کنبے کو مریض کی جان بچانے کیلئے بھاری قیمت یا کرایہ پرجنریٹر خریدنا پڑتا ہے۔احتجاجی لوگوں نے فوری طور بجلی سپلائی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ۔