ٹراما ہسپتال کنگن سمیت ضلع گاندربل میں 153طبی و نیم طبی اسامیاں خالی

کنگن //ٹراما ہسپتال کنگن میں عرصہ دراز سے طبی اور نیم طبی عملے کی کمی کے باعث مریضوں اور تیماداروں کو سخت مشکلات سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ ضلع گاندربل کے ہسپتالوں میں 153اسامیاں خالی پڑی ہیں ۔ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ ہسپتال میں طبی اور نیم طبی عملے کی 31اسامیاں خالی پڑی ہیں جن کو پُر کرنے کیلئے ابھی تک اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کو ان خالی اسامیوں کو پُر کرنے کے لئے آگاہ کیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ہسپتال میں گذشتہ برس جو ملازمین سبکدوش ہوئے ہیں ان خالی جگہوں کو  ابھی تک پُر نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ہسپتال میں طبی اور نیم طبی عملے کی قلت پائی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ہسپتال میں خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔اس سلسلے میں چیف میڈیکل آفیسر گاندربل ڈاکٹر روشن دین کسانہ نے اِس بات کی تصدیق کی کہ ٹراما ہسپتال کنگن میں طبی اور نیم طبی عملے کی کمی موجود ہے جس کے باعث مریضوں کو پریشان ہونا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان خالی پڑی اسامیوں کے بارے میں محکمہ کوآگاہ کیا گیا ہے تاکہ جلد سے جلد ان اسامیوں کو پُرکیا جائے تاکہ مریضوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں ای این ٹی ،ماہر امراض خواتین ،ماہر امراض اطفال ، انستھیسیاڈاکٹر ، ایکسرے ٹیکنشن ،لیبارٹری ٹیکنشن ،مڈیکل اسسٹنٹ اور صفائی کرمچاری کے علاوہ دیگر عملے کی کمی بھی ہے ۔ڈاکٹر کسانہ نے  بتایا کہ گاندربل ضلع کے ہسپتالوں میں کل ملا کر 153اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں ۔