ویک اینڈ لاک ڈاؤن کے بعد کشمیر میں تجارتی سرگرمیاں بحال

سری نگر// وادی کشمیر میں کورونا کی تازہ لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے نافذ وایک اینڈ‘ لاک ڈاؤن کے باعث دو دنوں تک متاثر رہنے کے بعد پیر کی صبح کاروباری سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔
 
یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے پیر کی صبح شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ شہر کے بازاروں میں تمام دکان کھل گئے تھے اور سڑکوں پر بھی ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل جاری تھی۔
 
انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو تمام تر کورونا گائیڈ لائنز پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
 
ان کا کہنا تھا کہ دکانداروں نے جہاں خود بھی فیس ماسک لگا رکھے تھے وہیں اپنے دکانوں پر سینٹائزیشن وغیرہ کا بھی بھر پور بند وبست رکھا تھا۔
 
موصوف نامہ نگار نے کہا کہ گرچہ بازارکھلے ہی تھی تاہم تجارتی مرکز لالچوک و دیگر ملحقہ علاقوں میں لوگوں کا روایتی رش معدوم ہی رہا۔
 
انہوں نے کہا کہ بازاروں میں گھوم رہے تمام لوگوں نے ماسک لگا رکھے تھے۔
 
موصوف کا کہنا تھا کہ سری نگر خاص کر لالچوک، امیرا کدل، بڈشاہ چوک وغیرہ میں انتظامیہ کی گاڑیاں مسلسل چکر لگا رہی تھیں اور لوگوں کو کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کے اعلان کر رہی تھیں۔
 
انہوں نے کہا کہ کورونا گائیڈ لائنز پر من و عن عمل در آمد کو یقینی بنانے کے لئے سری نگر میں پولیس چک پوسٹس بھی قائم کئے گئے ہیں۔
 
ادھر وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات و قصبہ جات میں بھی کاروباری سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں اور ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل بھی بحال ہوگئی ہیں۔
 
قابل ذکر ہے کہ کورونا کے کیسز میں ہورہے اضافے کے پیش نظر جموں وکشمیر انتظامیہ نے یونین ٹریٹری میں جمعے کی شام ہی ویک اینڈ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ لیا تھا۔