جموں//ڈپٹی ایکسائز کمشنرجموں سید مرید حسین شاہ ( کے اے ایس ) جو ڈائریکٹر لینڈ منیجمنٹ جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں زیر تبدیلی تھے، کو2لاکھ روپے رشوت لینے ہوئے ویجی لینس آرگنائزیشن نے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جس کے فوراً بعد ریاستی حکومت نے اسے معطل کرنے کے احکامات صادر کئے ۔ سرکاری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ اُ ن کی معطلی کے دوران مرید شاہ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ اٹیچ رہیں گے ۔ ویجی لینس ڈیپارٹمنٹ جموں کو اس بات کی شکایت ملی تھی کہ ڈپٹی ایکسائز کمشنر(ایگزیکٹیو) سید مراد حسین شاہ کے پاس ریٹائرڈ کرنل ایچ ڈی ایس رینیل کا ایک کیس مئی 2018سے زیر التوا پڑا رہا ،جو نروال جموں میں اسکی شراب کی دوکان’ دلیپ سنگھ وائن شاپ‘ کے نام سے تھا، جس کی لائسنس کی تجدید کرنی تھی لیکن مذکورہ آفیسر نے شراب کی لائسنس کی تجدید کرنے کیلئے مذکورہ ریٹائرڈ کرنل سے 2لاکھ کی رشوت کا تقاضا کیا تھا۔چنانچہ سابق کرنل نے ویجی لینس میں شکایت درج کرائی جس کے بعد ویجی لینس نے تحقیقاتی عمل شروع کیا۔ جمعہ کو مذکورہ آفیسر کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس نے 2لاکھ کی رقم وصول کی۔اسکی گرفتاری کے بعد ایک ٹیم پلورہ میں اسکی رہائش گاہ بھی چھاپہ مارنے گئی اور وہاں بھی تلاشیاں لی گئیں۔اسکے خلاف کیس زیر نمبر42/2018درج کیا گیا ہے اور اسے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔یاد رہے صرف ایک روز قبل ہی اسکی تبدیلی کے احکامات صادر کئے گئے تھے اور انہیں ڈائریکٹر لینڈ منیجمنٹ جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی تعینات کیا گیا تھا۔