وڑون بڈگام میں آگ کی واردات | نوجوان جھلس کرہلاک،6زخمی

سرینگر//وڑون بڈگام میں آگ کی ایک واردات میںگیس سلینڈر پھٹ جانے کے نتیجے میں ایک نوجوان جھلس کر ہلاک ،جبکہ ایک لڑکی سمیت نصف درجن افراد زخمی ہوگئے۔سی این ایس کے مطابق وڈون بڈگام میں غلام محمدڈارعرف گلہ کھار کے رہائشی مکان کی دوسری منزل میں جمعہ سہ پہراچانک آگ نمودار ہوئی اور مکان سے شعلے بلند ہوئے۔اس دوران لوگوں کی بڑی تعدادسیڑھیوں کے ذریعے مکان کی دوسری منزل پر پہنچے اورآگ بجھانے کی کوششوں میں جٹ گئے۔اس دوران ایک کمرے میںموجودگیس سلینڈر سماعت شکن دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔دھماکے کی زدمیں آکرعمرملک ولدمحمدسلطان ملک ساکن وڈون شدیدزخمی ہوکرموقعہ پرہی جان بحق ہواجبکہ اس واقعہ میں تبسم دخترعبدالرحمن بٹ،رحمان بٹ ولدغلام رسول ،خورشیدوانی ولدعبدالرشید،دوست احمدولدغلام محمداورخورشیدنجارولدغنی نجارساکنان وڈون بڈگام شدیدزخمی ہوئے۔زخمیوں کوعلاج ومعالجہ کیلئے سرینگرمنتقل کیاگیاجہاں کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔اس واقعہ کے بعد علاقہ میں کہرام مچ گیا۔حادثہ میں جان بحق نوجوان کی نمازجنازہ میں سینکڑوں لوگ شریک ہوئے ۔