سرینگر//فیس میں رعایت کے مطالبہ کو لیکر گورئمنٹ وومنز کالج ایم اے روڈسرینگر میں زیر تعلیم طالبات نے سنیچر کوپریس کالونی احتجاج کیا ۔فیس میں کمی کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے احتجاج کررہی طالبات نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کو چاہے کہ کرونا وائرس کے نتیجے میں لاک ڈائون کو مد نظر رکھتے ہوئے انکی فیس معاف کی جائے۔ سائمہ نامی ایک طالبہ نے کہا’’ ہمارے والدین نے لاک ڈائون کے ان 6ماہ کے دوران کوئی کام نہیں کیااب وہ ہماری فیس کہاں سے لائیں گے‘‘۔ انہوںنے کہا کہ اگر گجرات کی حکومت طلاب کی فیس کو معاف کرسکتی ہے تو جموں کشمیر کی حکومت ایسا کیوں نہیں کرسکتی؟ ایک طالبہ نے بتایا کہ ان کا والد دن بھر مزدوری کرتا تھاتاہم مارچ مہینے سے وہ گھر میں بے کار بیٹھا ہے اور اب گھر کے خرچہ اٹھانا نا ممکن بن گیا ہے تو میری فیس کس طرح سے ادا کی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجود ہ حالات میں ان کیلئے کالج کا فیس ادا کرنا ممکن نہیں ہے اور مطالبہ کیا کہ فیس میں رعایت دی جائے تاکہ وہ فیس جمع کر سکیں۔ایک اور طالبہ نے بتایا کہ کورنا وائرس کے باعث وادی کشمیر میں حالات انتہائی سنگین بن چکے ہیں اور گزشتہ چھ ماہ سے بیشتر لوگ گھروں میںبیکار بیٹھے ہیں تو ان حالات میںوہ کہاں سے فیس لائیں گے ۔ احتجاجی طالبات نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فیس میں رعایت دی جائے، بصورت ان کا تعلیمی سال ضائع ہو سکتا ہے ۔