کپوارہ// ولگام رامحال ہسپتال میں طبی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے مریضوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں بلکہ اکثروبیشتر ضلع کے دیگر ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔علاقہ سے تعلق رکھنے والے لوگو ں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا کہ جب رامحال کے مریض اپنا علاج و معالجہ کرانے کے لئے ولگام اسپتال پہنچ جاتے تھے لیکن آج اس اسپتال کا حال یہ ہے کہ رامحال کے مریض کرالہ پورہ،تارت پورہ ،ہندوارہ اور کپوارہ کا رخ کرتے ہیں کیونکہ ولگام اسپتال میں مریضوں کے لئے بہتر طبی سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔مقامی لوگو ںنے کہا کہ اسپتال کی عمارت دو سال قبل آتشزدگی کی ایک پُر اسرار واردات میں خاکستر ہوگئی جس میں ضروری مشینری بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی لیکن دو سال گزرنے کے با وجود اب اس اسپتال میں نئی مشینری کو نصب نہیں کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ گزشتہ دو برسوں سے مریضوں کو ضلع کے دیگر طبی مراکز پہنچ کر ہی اپنا علاج کرانا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کئی بارانتظامیہ کی نو ٹس میں یہ معاملہ لایا گیا کہ اسپتال میں ضروری مشینری کو دوبارہ نصب کیا جائے لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔اس حوالے سے ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ آ ج تک ان کی نو ٹس میں یہ معاملہ نہیں آیا ہے اور وہ خود اسپتال کا دورہ کر کے جانکاری حاصل کرکے اُن کا ازالہ کر نے کی کوشش کریں گے ۔
[