مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//وقف بورڈ چیئرپرسن ڈاکٹر درخشان اندرابی نے بدھ کو زیات بابا پیام الدین ریشیؒ کااپناپہلادورہ کیا اور یہاں زائرین کیلئے مہیاسہولیات کا جائزہ لیا۔ان کے ہمراہ بورڈ کے چیف ایگزیکیٹوافسرمفتی فریداورپولیس اورانتظامیہ کے نمائندے بھی تھے۔ انہوں نے بورڈ کے ریکارڈ کا معائنہ کیا اورملازمین کے ساتھ میٹنگ کے دوران مختلف معاملات پرتبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پر ،متعلقہ مال حکام اور وقف انجینئرنگ شعبے کے اہلکار بھی موجودتھے۔ڈاکٹر اندرابی نے مقامی وفود سے بھی ملاقات کی ۔انہوں نے وقف بورڈ کے چیف ایگزیکیٹو کوہدایت دی کہ وہ زیارت کے تمام اثاثوں اورکھاتوں کوفوری طور ڈجٹائز کریں کیوں کہ اس سے شفافیت آئے گی۔انہوں نے یہاں زائرین کیلئے سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے اورصحت صفائی پربھی زوردیا۔ڈاکٹر اندرابی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ زیارت گاہوں میںوقف نذرانوں میں شفافیت لانے کویقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے اورتمام زیارت گاہوں میں محفوظ نذرانہ نظام کو متعارف کیا جائے گا ۔انہوں نے تمام زیارت گاہوں میں آن لائن مالی بندوبست نظام کواپنانے کے اپنے عزم کااعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ عنقریب اب وقف نذرانہ صندوقوں کو کیمرے کی موجودگی میں کھولا جائے گااوراس کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ۔انہوں نے مرکزی حکومت کی وزارت اقلیتی امور نے باباریشی زیارت گاہ کی پارک کوجدیدبنانے کیلئے ان کی سفارش پر تین کروڑ روپے واگزار کئے ہیں ۔