عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اوربڈگام اسمبلی حلقہ کے نامزد امیدوار عمر عبداللہ نے بڈگام میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جموں کشمیر کی خوشحالی، وقار ،پہچان اور عزت بحال کرنے کیلئے عوام کے بھرپور اشتراک کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہوئی ہے اور انصاف دلانے کی جدوجہد آسان نہیں ہے ۔عمر نے کہا کہ یہ لڑائی ہم اکیلے نہیں لڑ سکتے، اس کیلئے عوام کے بھر پور تعاون اور اشتراک کی ضرورت ہے اور تبھی ہم اس کاروان کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا’’ ہم جب بات کرتے ہیں تو کسی ایک کی بات نہیں کرتے ہیں، ہم جب کوئی کام کرتے ہیں تو کسی ایک مخصوص طبقہ یا علاقے کیلئے نہیں کرتے ہیں ۔ ہم نے جب یہاں نئے انتظامی یونٹ بنائے ہم نے ہر ایک جگہ پر نئی نیابتیں بنائیں، نئے تحاصیل قائم کئے ، نئے بلاک بنائے‘‘۔انہوں نے مزید کہا ’’ہم اُن طاقتوں کیخلاف لڑ رہے ہیں، جو ہمیں تباہی اور بربادی کی طرف کھینچ کر لے گئے اور جنہوں نے جموں وکشمیر کو تہس نہس کرنے میں کوئی کثر باقی نہیں رکھی۔ جہاں ہم دفعہ370 ، ریاستی درجہ اور قیدیوں کی رہائی کو لیکر سیاسی باتیں کرتے ہیں وہاں ہمیں یہاں کے عوام کے روزمردہ کی پریشانیوں کا بھی احساس ہے ،جن کا ازالہ موجودہ حکومت کر نہیں پارہی ہے، ہم ان کا حل نکالنے کی بات بھی کرتے ہیں‘‘۔این سی رہنما نے کہا’’یہاں گزشتہ 10سال میں اگر کچھ ہوا، تو وہ پکڑ دھکڑ ، مار دھاڑ، گرفتاریاں اور پی ایس اے ہے‘‘۔عمر عبداللہ نے کہا’’ ہم نے اپنے منشور میں وعدہ کیا ہے کہ ہماری حکومت آتے ہی پی ایس اے کے قانون کو ختم کریں گے تاکہ دوبارہ اس کا غلط استعمال نہ ہو‘‘۔روڑ شو بڈگام سے شروع ہوا اور مختلف دیہات بشمول پالر، وترونی، شولی پورہ، پارس آباد، ڈیڈنہ، علی پورہ، پُتلی باغ، لبرتل، گریند کلان، بڈگام کلان اور بڈگام خورد سے گذرتے ہوئے خمینی چوک بڈگام میں ایک بڑے اجتماع کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ عمر عبداللہ نے اس دوران کئی مقامات پر لوگوں سے ووٹ طلب کئے۔روڈشو کے دوران پارٹی کے رکن پارلیمان آغا روح اللہ بھی موجود تھے۔