غلام نبی رینہ
کنگن//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو سونمرگ کا دورہ کیا اور 8فروری کے روز آتشزدگی کی ہولناک واردات میں ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا ۔اس واقعہ میں ریسٹورنٹ سمیت40دکانیں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے سی ایم آر ایف کے تحت امداد کی بھی منظوری دی۔ اولڈ مارکیٹ سونمرگ میں رونما ہوئے تباہ کن آگ کے واقعے کے تناظر میں وزیر اعلیٰ نے متاثرہ مقام کا دورہ کیا تا کہ متاثرہ دوکانداروں کو پہنچے نقصان کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ وزیر اعلیٰ نے سونمرگ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے ممبروں سے بات چیت کی ، اپنی ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا ۔انہوں نے متاثرہ تاجروں کی مدد کرنے اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے تیز رفتار اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے سونمرگ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ ایک میٹنگ کی، جس میں سینئر عہدیداروں نے شرکت کی جن میں ڈی سی ، ایس ایس پی ، ایس ڈی ایم کنگن ، سی ای او سونمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر ضلعی افسران شامل تھے ۔میٹنگ کے دوران تاجروں کے خدشات کو دور کرنے پر توجہ دی گئی جنہوں نے کلیدی مطالبات جیسے فوری مالی مدد ، تعمیر نو کی اجازت اور سونمرگ میں فائر سروس اسٹیشن کے قیام جیسے اہم مطالبات پیش کئے ۔ان خدشات کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ دکانوں کی تعمیر نو کو ایک منصوبہ بند ڈیزائن کی پیروی کرنا ہو گی جس میں محکمہ سیاحت ، ضلعی انتظامیہ اور ایس ڈی اے سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت سے تیار کیا گیا ہے ۔انہوں نے یقین دلایا کہ اس نقطہ نظر سے حفاظت میں اضافہ ہو گا اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکیں گے ۔سونمرگ میں بڑھتی ہوئی سیاحت کی آمد کو اجاگر کرتے ہوئے خاص طور پر ٹنل کے کھلنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے علاقے میں مستقل فائر سروس اسٹیشن کی فوری ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ ایک مستقل فائر سٹیشن قائم کیا جائے گا جس کے ساتھ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت سے اس کے مقام کو حتمی شکل دی جائے گی تا کہ فوری ہنگامی ردِ عمل کو یقینی بنایا جا سکے ۔مزید براں وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ متاثرہ دکانوں کیلئے وزیر اعلی کے امدادی فنڈ ( سی ایم آر ایف )کے تحت مالی امداد کی منظوری دی گئی ہے جو اس مشکل وقت کے دوران متاثرہ افراد کو کچھ حد تک راحت پہنچائے گی ۔