عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔صدر جمہوریہ کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے ایک پوسٹ اِشتراک کیاگیا۔صدر جمہوریہ کے آفیشل اکائونٹ پر اِشتراک کیا گیا ہے کہ جموںوکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔یہ دورہ گذشتہ ماہ جموں و کشمیر حکومت کے وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی سرکاری مصروفیات میں ایک اہم قدم ہے۔وزیر اعلیٰ آج وزیر خزانہ نرملا سیتارمن سے ملاقات کریں گے۔وزیر اعلیٰ سے انکی رہائش گاہ پر سکمز کے پہلے ڈائریکٹرڈاکٹر اجیت ناگ پال بھی ملنے آئے۔ دوران ملاقات انہوں نے جموں کشمیر کے طبی اداروں میں سہولیات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔بات چیت میں سکمزکی خود مختاری کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔وزیر اعلیٰ سے ملنے دلی میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر بھی آئے اور انہوں نے شہری بلدیاتی اداروں کے کام کاج کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے حالیہ ہفتوں میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر برائے سڑک، ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری سمیت اعلیٰ رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کی ہے۔ کل انہوں نے نائب صدر جگدیپ دھنکھر سے بھی ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنی مصروفیات کے ایک حصے کے طور پر 12 ؍نومبر کو مرکزی وزیر پاور منوہر لال کھٹر کی صدارت میں ریاستوں اور یوٹیزکے بجلی وزرأ کی کانفرنس میں شرکت کی ، جہاں اُنہوں نے توانائی کے شعبے میں جموںوکشمیر کی ترجیحات اور چیلنجوں پر بات کی۔