وزیر اعظم 24 اپریل کو کئی اہم اعلانات کر سکتے ہیں: منوج سنہا

نیوز ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جموں صوبے میں 24 اپریل کو پنچایتی راج دیوس منائیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ ملک کے وزیر اعظم اپنے اس دورے کے دوران کئی اہم اعلانات کر سکتے ہیں۔

 

موصوف لیفٹیننت گورنر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے ضلع سانبہ میں وزیر اعظم کی آمد کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔

 

انہوں نے کہا: ’وزیر اعظم نریندر مودی پنچایتی راج دیوس منانے کے لئے یہاں آ رہے ہیں جو ہر سال24 اپریل کو منایا جاتا ہے، ہم اس کے لئے ان کے شکر گذار ہیں کہ انہوں نے یہ دن منانے کے لئے جموں و کشمیر کو ہی چنا‘۔

 

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران کئی پروجیکٹس کا افتتاح کریں گے اور وہ کئی اہم اعلانات بھی کر سکتے ہیں۔

 

مسٹر سنہا نے کہا کہ یہاں پنچایتی راج دیوس منانے کے سلسلے میں تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں جن سے میں مطمئن ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پنچاتی نمائندوں سے بھی خطاب کریں گے۔