انسداد دہشت گردی آپریشنز اور مسلح افواج کی مکمل تعیناتی کی ہدایت
سرینگر // وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو جموں و کشمیر میںملی ٹینٹ حملوں کے دوران کابینہ کمیٹی برائے سلامتی کی میٹنگ کی صدارت کی۔وزیر داخلہ امت شاہ ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال کے علاوہ جوائنٹ سیکریٹری امور داخلہ جمعرات کی دوپہر ہوئی منعقد ہ میٹنگ میں موجود تھے۔ وزیر اعظم نے مسلح افواج کے انسداد دہشت گردی آپریشنز اور انکی مکمل تعیناتی کی ہدایت کی۔گزشتہ ماہ بھی مودی نے جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی تھی۔انہوں نے شاہ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول، اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بات کی اور انہیں مسلح افواج کے انسداد دہشت گردی آپریشن سمیت سیکورٹی سے متعلق صورتحال کا جائزہ دیا گیا۔میٹنگ میں وزیر اعظم کو سیکورٹی حکام نے جموں و کشمیر میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی جانکاری دی ۔ اس کے علاوہ فوجی اہلکاروں پر حملہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ خیال رہے کہ جموں و کشمیر پولیس نے خطے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی سرگرمیوں کے خلاف ایک بڑا آپریشن شروع کیا ہے، جس میں گزشتہ 32 مہینوں میں کارروائی میں افسران سمیت 48 فوجی اہلکار مارے گئے ہیں۔اس سے قبل وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی نئی دلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی تھی جس دوران انہوں نے جموں خطے میں بڑھتے ملی ٹینٹ حملوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کر لی تھی ۔