یو این آئی
سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی 7مارچ کو جموں وکشمیر کے دورے پر آرہے ہیں جس کے پیش نظر وادی میں کثیر دائروں والی سیکورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے۔سرینگر میں جگہ جگہ اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے اور تمام سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں۔ سرینگر شہر میں مختلف سڑکوں بالخصوص ائر پورٹ روڈ پر موبائیل چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ سرینگر کے حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کی گئی ہیں اور کسی بھی گاڑی کو بغیر تلاشی کے شہر کے حدود میں جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔ بخشی سٹیڈیم کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے۔سٹیڈیم کے ارد گرد سیکورٹی کا بھاری بندوبست کیا گیا ہے۔
ادھر مودی کا ملک بھر میں 10 روزہ دورہ طے کیا گیا ہے جس کے دوران وہ12ریاستوں/یوٹیز میں 29 پروگراموں میں شرکت کریں گے۔بارہ ریاستوں میں تلنگانہ، تمل ناڈو، اڈیشہ، مغربی بنگال، بہار، جموں و کشمیر، آسام، اروناچل پردیش، اتر پردیش، گجرات، راجستھان اور دہلی شامل ہیں۔ اگلے دس دنوں کے دوران انکے دورے کا پروگرام مرتب کیا جاچکا ہے۔4مارچ کو وزیر اعظم تلنگانہ ،اس کے بعد تمل ناڈو ، چنئی اور حیدرآباد کا سفر کریں گے۔5 مارچ کو پی ایم تلنگانہ میں ہوں گے۔تلنگانہ سے وزیر اعظم اوڈیشہ جائیں گے۔ اس کے بعد پی ایم مودی مغربی بنگال کا سفر کریں گے۔6مارچ کو مغربی بنگال کے بعد وہ بہار جائیں گے۔7مارچ کو، وزیر اعظم سرینگر میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے کشمیر کا سفر کریں گے۔ شام کو وزیر اعظم نئی دہلی میں ایک میڈیا پروگرام میں شرکت کریں گے۔9مارچ کو وزیر اعظم مغربی کے بعد اروناچل پردیش جائیں گے۔اروناچل پردیش سے، وزیر اعظم آسام جائیں گے۔10 مارچ کو، مودی اعظم گڑھ اتر پردیش کا سفر کریں گے۔11 مارچ کو دہلی واپس آئیں گے۔12 مارچ کو، پی ایم مودی گجرات کے سابرمتی کا دورہ کرنے والے ہیں، اور بعد میں وہ راجستھان جائیں گے۔13 مارچ کو وزیر اعظم نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے گجرات اور آسام میں تین سیمی کنڈکٹر پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ شیڈول کا اختتام ہوگا۔