سرینگر/عظمیٰ نیوز سروس/ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو کہا کہ سرینگر میں بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات کی میزبانی نے جموں و کشمیر کو عالمی نقشے پر لا کھڑا کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے کہا”میں جموں و کشمیر کو بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات کی قیادت کرنے کی اجازت دینے کے لیے وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں، اس تاریخی واقعہ نے جموں کشمیر کو عالمی نقشے پر ڈال دیا ہے”۔انہوں نے کہا کہ یوگا صحت کے جسمانی، نفسیاتی اور جذباتی پہلوں کو بڑھانے میں سب سے اہم کردار ادا کرتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم یوگا کو دنیا میں لے گئے ہیں اور آج ہماری قدیم روایت کا یہ انمول تحفہ پوری دنیا میں رائج ہے۔انہوں نے مزید کہا”یوگا خوشی کی طرف ایک جامع نقطہ نظر ہے، یہ صحت مند زندگی کی طرف پہلا قدم ہے، یہ جسم اور دماغ کو متحد کرتا ہے ، جسم اور دماغ ایک ہیں،یوگا شعور لاتا ہے اور شعور کے ذریعے خالص خوشی جنم لیتی ہے‘‘۔