سرینگر//وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو نے کل سرینگر میڈیا کمپلیکس کا دورہ کر کے وہاں سِٹل فوٹوگرافی اور سکرین پلے رائٹنگ میں تربیت پانے والے طلاب کے ساتھ بات چیت کی۔ایک ماہ طویل اِن بنیادی کورسوں کا اہتمام ایف ٹی آئی آئی پونے اور محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے ریاست کے میڈیا پیشہ واروں کے لئے ایس کے آئی ایف ٹی کے تحت کیا ہے ۔ریاست بھر سے تعلق رکھنے والے لگ بھگ 50میڈیا پیشہ ور ان دو کورسوں میں شرکت کر رہے ہیں۔اس اقدام کے تحت پہلے ہی سرینگر میں ایک ماہ طویل ڈیجیٹل فلم سازی کا کورس منعقد کیا گیا جبکہ فلم اپریسیشن سے متعلق ایک کورس کل سے جموں میں شروع ہو رہا ہے۔اس اشتراک کے تحت جن کورسوں کا انعقاد سرینگر ، جموں اور لیہہ میں کیا جارہا ہے ان میں ڈیجیٹل سنیمٹیو گرافی ، ڈیجیٹل فلم پروڈکشن ، ایکٹنگ ، ویڈیو ایڈیٹنگ اور ٹیلی ویژن کے لئے ڈرامہ لکھنے کے کورس شامل ہوں گے۔پروفیسر مٹو نے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ اور ایف ٹی آئی آئی کے اشتراک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت مقامی نوجوانوں میں فلم سازی کی جدید ٹیکنالوجی اور طور طریقوں سے روشناس کرانے میں مدد ملے گی اور روزگار کے وسائل بھی پیدا کئے جاسکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ کو مقامی میڈیا پیشہ واروں کی صلاحیتوں کو نکھا ر بخشے میں ایک اہم رول ادا کرنا چاہیئے تاکہ وہ فلم سازی اور ڈیجیٹل صحافت میں آگے بڑھ سکیں۔ایف ٹی آئی آئی کی فیکلٹی نے اس موقعہ پر تربیت پانے والوں کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان طلاب نے قلیل مدت میں کافی کچھ سیکھ لیا۔طلاب نے اس طرح کے کورسز کے انعقاد سرینگر میں کرانے کے لئے ڈی آئی پی آر او رایف ٹی آئی آئی کا شکریہ ادا کیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ناظم اطلاعات و رابطہ منیر الاسلام نے پونے سے سرینگر آکر مقامی پیشہ واروں کو تربیت دینے کے لئے ایف ٹی آئی آئی فیکلٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ میڈ یا انڈسٹری سے جڑے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بڑھاوا دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے اور اس طرح کے کورسز مستقبل میں بھی منعقد کئے جائیں گے ۔منیرالاسلام نے اس دوران ایف ٹی آئی آئی کے ڈائریکٹر بھوپندر کنتھولا کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کورسوں کو کامیابی سے ہم کنار کرانے میں ذاتی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ناظم اطلاعات نے کہا کہ محکمہ اطلاعات مقامی میڈیا پروفیشنلوں کے لئے پریس کونسل آف انڈیا کے اشتراک سے بیرون ریاست کے اخباروں میں انٹرن شپ کا بھی اہتمام کررہا ہے۔واضح رہے کہ ایف ٹی آئی آئی نے ایس کے آئی ایف ٹی اقدام کے تحت ملک بھر کے 19شہروں میں فلم سازی کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں لگ بھگ 2600 نوجوانوں کو تربیت دی ہے۔وزیر اعلیٰ کے مشیر نے میڈیا کمپلیکس کے گردو نواح کا معائینہ کیا اور وہاں آڈیٹوریم اور کانفرنس ہال سمیت دیگر سہولیات کی تعریف کی۔انہوں نے میڈیا کمپلیکس میں تعمیر ہو رہے جدید طرز کے سٹوڈیو اور ریفرنس لائبریری و ریڈنگ روم کا بھی معائینہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ میڈیا پیشہ واروں کے لئے سرینگر میں ایک ہی چھت کے تلے مربوط سہولیات قائم کی جارہی ہیں۔