سرینگر//وزیر اعظم ہند نریند مودی کی وادی آمداور ایس کے آئی سی سی میں تقریب میں شرکت کرنے سے3روز قبل تجارتی مرکز لالچوک میں آبی گزر سے لیکر امیراکدل تک سیکورٹی مشق عمل میں لائی گئی۔ ایس کے آئی سی سی کی جانب جانے والے سڑکوں کی ناکہ بندی کے علاوہ جھیل ڈل میں دن رات نگرانی کیلئے فورسز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم 3فروری کو سرینگر پہنچ رہے ہیں۔ٹریفک پولیس مشارکی کے مطابق سنیچر سہ پہر سے ہی بڈیاری چوک سے نشاط تک بلیوارڈ روڑ پر ٹریفک کی نقل وحرکت پر پابندی عائدہوگی۔ایڈوائزری کے مطابق ہارون،شالیمار،نشاط اور نواحی علاقوں کے لوگوںسے کہا گیا کہ وہ فور شور روڑ کا استعمال کریں۔ جبکہ ڈلگیٹ سے لاچوک اور نواحی علاقوں کے لوگوں کو ہارون،شالیمار و نشاط تک کا تک سفر کرنے کیلئے نائو پورہ و خیام، رعناواری سڑک کا استعمال کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔رام منشی باغ سے لیکر گپکار روڑ کو بھی بند کیا جائیگا۔اس دوران جھیل ڈل میں بھی فورسز اور پولیس اہلکاروں کو3روز قبل ہی کشتیوں میں گشت کرتے ہوئے دیکھا گیا،جبکہ ایس کے آئی سی سی کی طرف جانیو الی سڑک پر جمعہ کو بھی کئی جگہوں پر پولیس اور فورسز نے ناکے لگائے تھے۔ سرینگر میں تقریباً ہر داخلی اور خارجی راستوں پر جامعہ تلاشیوں کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا’’تلاشیاں اس مشق کا حصہ ہے جو فورسز وزیر اعظم نریندر مودی کے پرامن دورے کو یقینی بنانے کیلئے کر رہی ہے ۔آئی جی کشمیر سوئم پرکاش پانی نے کہا’’ وزیر اعظم نریند مودی کے سرینگر دورے سے متعلق معقول سیکورٹی انتظامات اٹھائے گئے ہیں۔‘‘
لالچوک کا محاصرہ
مرکزی تجارتی مرکز لالچوک میں جمعہ کو سیکورٹی مشق عمل میں لائی گئی۔فورسز اہلکاروں نے بسکو اسکول سے لیکر امیراکدل پل تک کے علاقے کا کریک ڈائون کیا،اور آس پاس ہوٹلوں و تجارتی عمارتوںکی بالائی منزلوں میں پوزیشن سنبھالی۔اس دوران لال چوک کو سیل کیا گیا۔ فورسز اہلکاروں نے ہوٹلوں کی تلاشیاں لیں،تاہم اس دوران کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ فورسز اہلکاروں نے پٹری پر اشیاء فروخت کرنے والے ساز و سامان کی بھی تلاشیاں لیں،جبکہ راہگیروں کی موبائلوں کی جانچ کی گئی۔ اہلکارو ں نے بعد میں آبی گزر تک تلاشیاں لیںاور راہگیروں کے شناختی کارڈوں کی جانچ کے علاوہ انکی جامعہ تلاشیاں بھی لی گئیں۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کو معمول کی مشق قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم ہند نزریندر مودی کے وادی دورے سے متعلق علاقے کا جائزہ لیا گیا،انہوں نے بتایا’’اس طرح کی مشقیں فورسز کو تیاری کی حالت میں رکھتی ہیں،اور انکا حوصلہ بھی بڑ ھ جاتا ہے‘‘۔آئی جی کشمیر سی آر پی ایف سرینگر روی دیپ سہائے نے کہا کہ پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے دورے سے قبل مشترکہ طور پر علاقے کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا’’اس طرح کی مشقیں کرنا لازمی ہے،علاقوں کا جائزہ لینا سیکورٹی مشق کا حصہ ہے،اور لوگوں کو اس میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘