عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن جاوید احمد ڈار نے سول سیکرٹریٹ میں میونسپل کمیٹی وترگام کے جاری منصوبوں اور کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔اُنہوں نے جائزہ لیتے ہوئے مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں کو تیز کرنے، شفافیت اور جوابدہی میں اِضافہ کرنے اور وسائل کے مؤثر اِستعمال کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ غیر اِستعمال شدہ فنڈز کو دی گئی ہدایات کے مطابق ترقیاتی کاموں میں اِستعمال کریں تاکہ لوگوں کو فائدہ پہنچے۔جاوید ڈار نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں جموں و کشمیر کو ایک خوشحال ریاست بنانے کے حکومت کے عزم پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صاف، آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنا حکومت کا اوّلین مقصد ہے۔دورانِ میٹنگ کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ ( ایچ اینڈ یو ڈِی ڈِی )مندیپ کور نے وزیرموصوف کو جموں و کشمیر کے شہری منظرنامے کو بہتر بنانے کے لئے جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی جانکاری دی۔میٹنگ میں میونسپل کمیٹی وترگام میںکیپکس بجٹ 2025-26 (ریگولر) کے تحت جاری اور نئے کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیاجن میں ٹاؤن ہال وترگام کے قریب دفتر کی عمارت کی تعمیر، گنڈ ملراج وارڈ نمبر 11 میں اوپن ایئر جِم پارک، فٹ پاتھوں کی ترقی، مختلف مقامات پر ٹائلنگ اور کوبل سٹون کا کام، پارکنگ ائیریا اور ٹرانسپورٹ یارڈ، وترگام کے مختلف وارڈوںمیں اندرونی لنک کی ترقی اور سڑکوں کی میکڈیمائزیشن شامل ہیں۔میٹنگ میںیہ بھی بتایا گیا کہ ڈرنیج (ایس اے ایس سی آئی پروجیکٹ) کے تحت گنڈ کریم خان واٹرگام اور وارڈ نمبر 1 و 3 میں گہرے نالے کی تعمیر کا کام جاری ہے۔وزیر جاوید احمد ڈار نے اَفسران کو مشورہ دیا کہ وہ میونسپل کمیٹی وترگام میں ہمہ جہت ترقی کے مقصد کے حصول کے لئے تال میل کے ساتھ کام کریں۔یہ میٹنگ جموں و کشمیر میں ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے حکومت کے عزم کا مظہر تھی۔