گاندربل//حال ہی میں گورنر انتظامیہ کی جانب سے کئی اضلاع میں نئے ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایا گیا تاہم گاندربل واحد ضلع ہے جہاں کوئی نیا ڈگری کالج نہیں کھولا گیا۔اس سلسلے میں واکورہ میں ڈیولپمنٹ کونسل واکورہ کے اہتمام سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرین ڈگری کالج کھولنے کی مانگ کررہے تھے۔واکورہ اور اس پاس علاقوں سے آئے ہوئے سینکڑوں افراد نے ہاتھوں میں پلے کارڈ لیکر احتجاجی مظاہرہ کیا۔پلے کارڑوں پر واکورہ کو ڈگری کالج دیا جائے اور ڈگری کالج ہمارا حق ہے جیسے نعرے درج تھے۔واکورہ گاندربل کا دور دراز علاقہ ہے جو ضلع ہیڈ کوارٹر سے 16 کلو میٹر دوری پر واقع ہے۔ضلع گاندربل میں دو کالج ہیں ایک کنگن اور دوسرا گاندربل میںجو واکورہ سے 16 کلومیٹر دور ہیں۔مظاہرین میں شامل افراد نے گورنر انتظامیہ سے مانگ کی کہ واکورہ میں ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ سینکڑوں طلباء کا مستقبل مخدوش ہونے سے بچ جائے۔