سرینگر//دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر عبدالرحمان ویری نے ایک میٹنگ کے دوران رواں مالی سال کے واٹر منیجمنٹ پروگرام کے ایکشن پلان کا جائزہ لیا اور کاموں کو ترجیحات میں شامل کیا۔میٹنگ میںسیکرٹری آر ڈی ڈی شیتل نندہ، ڈائریکٹر فائنانس آر ڈی ڈی ایس ایل پنڈتا، سی ای او آئی ڈبلیو ایم پی فاروق احمد اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔سی ای او نے اس موقعہ پر بتایا کہ سال2018-19 کے لئے ایکشن پلان اضلاع سے حاصل کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ریاست میں واٹر شیڈ منیجمنٹ پروگرام کے تحت75 کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ کشمیر صوبے میں1027 کاموں کا منصوبہ ہاتھ میں لیا جارہا ہے اور متعلقہ افسروں کو ایکشن پلان بھی پیش کیا گیا ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ ایکشن پلان کو زمینی سطح پر سختی سے عملایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اُن کاموں کی نشاندہی کرنی چاہئے جنہیں نبارڈ کے ساتھ ہاتھ میں لیا جاسکتا ہے تا کہ آبپاشی کوہلوں اور بارش کے پانی کاذخیرہ کرنے کرنے کے لئے تالاب تعمیر کئے جاسکیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ کاموں کا تجزیہ کیا جانا چاہیئے اور ان پر نظر گذر رکھی جانی چاہیئے تا کہ مرکزی حکومت سے معقول رقومات حاصل کی جاسکیں۔ویری نے کہا کہ آئی ڈبلیو ایم پی ایک اہم پروگرام ہے جسے سنجیدگی کے ساتھ لیا جانا چاہئے۔ اُنہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت رقومات کے منصفانہ تصرف کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔اُنہوں نے کہا کہ مکمل کئے گئے کاموں کی عکاسی کے لئے دستاویزی فلمیں تیار کی جانی چاہئیں تا کہ لوگ آئی ڈبلیو ایم پی کے فوائد کے بارے میں جانکاری حاصل کرسکیں اور محکمہ کی کارکردگی کو بھی اُجاگر کیا جاسکے۔