مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے نکہ منجہاڑی علاقہ میں زیر تعمیر کنڈ منجہاڑی واٹر سپلائی سکیم گزشتہ دس برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے ایک وسیع علاقہ کی عوام کئی کلو میٹر دور اور قدرتی چشموں سے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے 2011-12میں واٹر سپلائی سکیم کی تعمیر شروع کی گئی تھی لیکن اس کے بعد محکمہ کی جانب سے اس کام کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے واٹر سپلائی سکیم کیلئے 3ٹینک تعمیر کئے جانے تھے جبکہ ایک واٹرٹینک تعمیر کیا گیا ہے جس میں کچھ حد تک جنرل لائن او ر کچھ گھروں کیلئے سپلائی لائنیں بھی بچھائی گئی ہیں لیکن دیگر ٹینکوں کی تعمیر کیساتھ ساتھ سپلائی اور جنرل لائنیں تک بچھائی نہیں گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے کھوڑی والی پینگ میں ایک ٹینک تعمیر کیا جانا تھا اور اس سلسلہ میں ایک برس قبل ٹھیکیدار کو کام سونپا گیا تھا لیکن اس کے بعد نہ تو ٹینک تعمیر ہوسکا اور نہ ہی ٹھیکیدار کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے جس کی وجہ سے مذکورہ کام التوا کا شکار ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ایڈوکیٹ ندیم خان نے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے جبکہ محکمہ کی جانب سے واٹر سپلائی سکیم کیلئے ساز و سامان لوگوں کے گھروں و کھلے عام رکھا گیا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کو جلدازجلد مکمل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں جبکہ واٹر سپلائی سکیم کی تعمیر پر خرچ ہوئے پیسوں کا تخمینہ لگانے اور کام کی جانچ کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے ۔
واٹر سپلائی سکیم کنڈ منجہاڑی 10برسوں سے تشنہ تکمیل | سپلائی کیلئے پاپئیں تک بچھائی نہیں گئی ،خرچ رقم کی تحقیقات کروائی جائے :عوام
