مہور//مہور کے گاؤں ٹکسن کے وارڈ نمبر8اپر ٹکسن میں ڈیڑھ ماہ سے ٹرانسفارمر خراب پڑا ہے جس کی وجہ سے لوگ گھپ اندھیرے میں ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ ماہ قبل علاقہ کا ٹرانسفارمر خراب ہوگیا تھاجس کو اگر چہ محکمہ کی جانب سے ٹھیک کرانے کیلئے لیا گیا لیکن اس کے بدلے خراب ٹرانسفارمر واپس لایا گیا اور اس کو دوبارہ ٹھیک کرانے کیلئے بھی نہیں لیا گیا جس کے باعث پورے وارڈ کے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔لوگوں نے یہ بھی شکایت کی کہ اس ٹرانسفارمر کا ایک ہی Phase چل رہا تھاجبکہ اس میں تین Phaseہوتے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل دور میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ پوری دنیا سے کٹ کر رہ گئے ہیں کیوںکہ ان کے موبائل بند پڑے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ انہیں موبائل چارج کرنے کیلئے دوسرے گاؤں میں جانا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ انہوں نے کئی مرتبہ انتظامیہ کے نوٹس میں یہ بات لائی لیکن انہیں جھوٹی یقین دہانی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔اس حوالے سے جب کشمیرعظمیٰ نے جے ای محکمہ بجلی مدثر احمد سے بات کی انہوں نے بتایا کہ وہ کچھ دنوں کے اندر ٹرانسفارمر کو ٹھیک کرائیں گے۔