عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں کشمیر کے سابق بیوروکریٹ محمد شفیع پنڈت کا جمعرات کو 80 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ وہ انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروس کا امتحان پاس کرنے والے کشمیر کے پہلے مسلم بیورو کریٹ تھے۔ محمد شفیع پنڈت نے 1969 میں ملک کا اعلیٰ ترین سیول سروسز امتحان آئی اے ایس کوالیفائی کیا تھا ۔ عوامی خدمت میں ان کا آخری رول جموں اور کشمیر پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کے طور پر تھا، جہاں انہوں نے شفافیت اور انصاف پسندی کیساتھ کام کرنے کے لیے شہرت حاصل کی۔اپنے پورے کیریئر کے دوران، محمد شفیع پنڈت کشمیر میں متعدد سیول سوسائٹی اور انسان دوستی کی کوششوں میں شامل رہے۔ انہوں نے1992 میں حکومت ہند میں جوائنٹ سکریٹری کے طور پر منڈل کمیشن کی رپورٹ کو نافذ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔وہ چیف سیکریٹری، صوبائی کمشنر اور دیگر اہم عہدوں پر فائز رہے۔ پنڈت تقریباً ایک ماہ قبل کینسر میں مبتلا ہونے کے بعد دہلی کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔محمدشفیع پنڈت نے نوکری سے سبکدوشی کے بعد سیول سوسائٹی میں ایک فعال کردار ادا کیا اور انکی سربراہی میں (گروپ آف کنسرن سٹیزنز) نے جموں کشمیر خاص کر وادی کو درپیش اہم مسائل کی جانب حکمرانوں کی توجہ مبذول کرائی اور بہت سارے معاملات میں کامیابی بھی حاصل کی۔پنڈت کے جس خاکی کو جمعرات کی صبح دلی سے سرینگر لایا گیا اور شام دیر گئے انکی نمازہ جنازہ گوگجہ باغ سرینگر میں ادا کی گئی جس میں سینکڑوں سرکردہ افراد، زندگی کے مختلف گوشوں سے تعلق رکھنے والے افراد، پولیس و سیول سرکاری افسران،سیول سوسائٹی اراکین، صحافیوں اور دیگر لوگوں نے شرکت کی۔بعد میں انہیں سپرد خاک کیا گیا۔
خراج عقیدت
وزیراعظم نریندرمودی نے محمد شفیع پنڈت کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے سرینگر انتخابی ریلی کے دوران کہاکہ مجھے یہ خبر ملی ہے کہ محمد شفیع پنڈت کشمیر کے پہلے آئی اے ایس افسروں میں سے ایک اور علاقے کیلئے فخر کا باعث ہیں، کا کل رات انتقال ہو گیا۔ پی ایم مودی نے کہاکہ اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی، وہ معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتے رہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں ہمارے خیالات اور دعائیں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے بھی محمد شفیع پنڈت کے انتقال پر سخت صدمہ ظاہر کرتے ہوئے مرحوم کی انتظامی اورسماجی خدمات کو شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے تعزیتی پیغام میں کہا کی محمد شفیع پنڈت کے اِنتقال سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ اُنہوں نے ایک بیوروکریٹ کی حیثیت سے شاندار کیریئر گزارا اوربہترین خدمات انجام دیں۔اُنہوں نے کہا کہ انہیں عوامی خدمت اور سول سوسائٹی میں ان کی نمایاں خدمات کے لئے یاد کیا جائے گا اوراُنہوں نے دُکھ کی اِس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی او ریکجہتی کا اِظہا ر کیا ہے۔