سرینگر//بلال فرقانی//بی جے پی نے سرینگر سے گجرات تک’’ سفر عزم کشمیر‘‘ مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تباہ شدہ معیشت بالخصوص سیاحت کی بحالی کیلئے جامع پیکیج فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایوان صحافت کشمیر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے امور سیاست کے انچارج اشونی چرنگو نے جموں و کشمیر میں نئے زمینی قوانین کو متعارف کرنے کا خیرم مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جموں و کشمیر کا باقی ہندوستان کے ساتھ مکمل انضمام ہوا۔انہوںنے کہا کہ یاترا جموں سے دیوالی کے بعد دوبارہ شروع کی جائے گی اور اس میں معاشرے کے تمام طبقات شامل ہوں گے۔چرنگو نے کہا دفعہ370اور35اے کے منسوخ ہونے کے بعد جموں و کشمیر میں نئے اراضی کے قوانین کے متعارف ہونے کے بعد انضمام کا عمل مکمل ہوچکا ہے ، لہذا اب جموں کشمیر کے نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے پر توجہ مرکوز رکھنی چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ دیگر مختلف اہداف حاصل کرنے کے بعد ، وادی کشمیر میں بے گھر کشمیری پنڈت برادری کی آباد کاری کے مسئلے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا’’ یہ بیان بازی کہ کشمیری پنڈتوں کے بغیرکشمیر ادھورا ہے کو حقیقت میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں تمام ہندو مذہبی اور ثقافتی مراکز ، مندروں کو ایک ہی ادارے کے تحت لانے کی ضرورت ہے۔ اشونی چرنگو نے کہاسابق ریاست جموں و کشمیر کوگذشتہ تین دہائیوں کے بعد کووڈ 19 کی صورتحال اور موت اور تباہی کی وجہ سے تباہی کا شکار ہونا پڑا۔انہوں نے کہا جموں و کشمیر میں معاشرے کی فلاح و بہبود سے وابستہ معاشی سرگرمیوں کے بنیادی شعبوں میں سے ایک سیاحت اور مذہبی یاترا ہے ، جو عام طور پر اور خاص طور پر پچھلے دو سالوں میں بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے اس شعبے کے لئے ترجیحی بنیاد پر ایک جامع پیکیج کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا۔پریس کانفرنس سے ، سماجی کارکن کے ایس وزیر ، بھاجپا لیڈر منظور بٹ ، اور سماجی کارکن بھوانی شنکر نے بھی خطاب کیا۔