سری نگر//وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق پیر کی رات سے ہی برف باری شروع ہوئی اور جب لوگ منگل کی صبح نیند سے اٹھے تو پوری وادی کو سفید چادر نے ڈھانپ لیا تھا۔
ادھر جہاں ایک طرف موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ’اورینج الرٹ‘ جاری کر دیا ہے وہیں دوسری طرف سری نگر ہوائی اڈے پر کئی پراوزوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں موسم دن گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران میدانی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری جبکہ بالائی علاقوں میں بھاری برف باری کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اور جموں دونوں خطوں میں منگل کی رات اور5 جنوری یعنی بدھ کو دن بھر برف باری ہوسکتی ہے۔
متعلقہ محکمے نے ’اورینج الرٹ‘ جاری کرتے ہوئے بالائی علاقوں جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات لاحق رہتے ہیں ، کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلنے سے احتراز کریں۔
ایڈوائزری میں ڈرائیور حضرات سے کہا گیا ہے کہ وہ برف پر گاڑیوں کو احتیاظ سے چلائیں۔