عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر کے کئی علاقوں بشمول میدانی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی، جب کہ وادی کے دیگر حصوں میں ہفتہ کو ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔حکام نے بتایاکہ اننت ناگ، کولگام، شوپیان اور پلوامہ اضلاع کے میدانی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی، جبکہ گلمرگ، سونمرگ اور پہلگام کے سیاحتی مقامات میں بھی برف باری ریکارڈ کی گئی۔عہدیداروں نے مزید کہا کہ ضلع بانڈی پورہ کے گریز، کپوارہ کے کچھ علاقوں اور وادی کے اونچے علاقوں میں بھی برف باری ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بیشتر حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوتی رہی ۔محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ اتوار کی صبح تک کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔آج دوپہر کے بعد موسم میں بہتری آنے کا امکان ہے۔ وسیع پیمانے پر بارش ہونے کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔کشمیر میں چار دن پہلے شروع ہونے والے گیلے مرحلے نے جمعہ کی رات شدت اختیار کر لی، جس سے خطے کے کئی حصوں میں شدید بارش اور جنوبی کشمیر کے کچھ علاقوں میں برف باری ہوئی۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی، جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ میں سب سے زیادہ 47.4 ملی میٹر بارش ہوئی، اس کے بعد سیاحتی مقام پہلگام میں 35.4 ملی میٹر، پانپور34 ملی میٹر اور کوکرناگ میں 28.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔سری نگر شہر میں بھی 18.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔جموں ڈویژن بھی شدید بارش سے متاثر ہوا۔ بانہال میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 43.7 ملی میٹر بارش ہوئی، جو اس خطے میں سب سے زیادہ تھی۔غلام نبی رینہ کے مطابق سونمرگ، گگن گیر، کلن، گنڈاور زوجیلا میں جمعہ کی شب سے برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو سنیچر دو بجے تک جاری رہا ۔ اس دوران ٹریفک کی آمدورفت کو احتیاطی طور پر بند کرنا پڑا ، کیونکہ زیرو پوائنٹ کلن سے سونمرگ ٹنل کے ویسٹ پورٹل تک پھسلن پیدا ہوگئی اور سڑک کے مختلف مقامات پر پتھر اور ملبہ گررہا تھا۔
کپوارہ سکول بند
عہدیداروں نے بتایا کہ ضلع کپواڑہ کے آگے والے علاقوں میں اسکولوں کو خراب موسم کی وجہ سے 17 مارچ تک بند کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کپواڑہ نے کہا کہ “مسلسل بارش/برفباری کے پیش نظر، ضلع انتظامیہ کپواڑہ نے مژھل، کیرن، بڈنمبل، کمکڈی، جمہ گنڈ اور کرناہ کے بالائی علاقوں میں تمام سکولوں کو 17 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے”۔